خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کی دہشتگرد تشکیل کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، جبکہ افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاکستانی فورسز کی کارروائی سے افغان طالبان کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کرم کے شلوزان سیکٹر میں پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کی دہشتگرد تشکیل نے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، جسے پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے روک دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی روکنے پر افغان طالبان نے بلااشتعال فائرنگ شروع کردی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے افغان طالبان کی فائرنگ کے جواب میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فوری، مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشتگرد تشکیل کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ افغان طالبان کی سرحدی پوسٹوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔











