قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم قائداعظم ٹرافی کے میچ میں آؤٹ ہونے پر شدید مایوسی کا شکار ہوگئے اور غصے میں اپنا بیٹ پچ پر دے مارا۔
لاہور ریجن وائٹس کی نمائندگی کرنے والے بابر اعظم نے یہ ردعمل فیڈرل ایریاز ریجن کے خلاف قائداعظم ٹرافی گولڈ 27-2026 کے پہلے مرحلے کے میچ کے چوتھے روز دکھایا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق کپتان محمد یوسف نے بابراعظم کو فرسٹ کلاس کرکٹ سے دور رکھنے کا مشورہ کیوں دیا؟
لاہور ریجن وائٹس کو دوسری اننگز میں کامیابی کے لیے 412 رنز کا مشکل ہدف درپیش تھا۔ بابر اعظم 77 گیندوں پر 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔
شاہد عزیز کے 34ویں اوور میں بابر اعظم نے گیند کو سلپ کی جانب کھیلنے کی کوشش کی، تاہم وہاں موجود فیلڈر نے کیچ پکڑ کر انہیں پویلین واپس بھیج دیا۔
آؤٹ ہونے پر بابر اعظم واضح طور پر ناخوش دکھائی دیے اور پویلین کی جانب واپس جاتے ہوئے اپنا بیٹ پچ پر دے مارا۔
Babar Azam’s tendency to get out to innocuous deliveries needs closer examination! https://t.co/THgV60qwbp
— Mazher Arshad (@MazherArshad) November 6, 2026
یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ بابر اعظم نے اس میچ میں آؤٹ ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا ہو۔ اس سے قبل دوسرے روز پہلی اننگز میں بھی وہ امپائر کے فیصلے سے مطمئن نظر نہیں آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: قائداعظم ٹرافی: محمد رضوان کی ناقابلِ شکست ڈبل سینچری، پشاور کی فیصل آباد کے خلاف گرفت مضبوط
فاسٹ بولر آفاق آفریدی کے 28ویں اوور کی آخری گیند پر بابر اعظم نے شاٹ کھیلنے کے بجائے گیند چھوڑ دی تھی، جسے وکٹ کیپر ریحان آفریدی نے پکڑ لیا۔ بولر کی اپیل پر امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔
بابر اعظم فیصلے سے مطمئن نہیں تھے اور انہوں نے اپنی ران کے پیڈ کی جانب اشارہ کیا، جس سے ظاہر ہوتا تھا کہ گیند ان کے بلے کے بجائے پیڈ سے ٹکرائی تھی۔ وہ 40 گیندوں پر 28 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی حال ہی میں ختم ہونے والی پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ون ڈے سہ ملکی سیریز میں مایوس کن کارکردگی کے بعد ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قائداعظم ٹرافی : بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی آمنے سامنے ہوں گے
انہوں نے 5 میچوں میں 23.60 کی اوسط اور 74.21 کے اسٹرائیک ریٹ سے 118 رنز بنائے اور کوئی نصف سنچری اسکور نہ کرسکے۔ ان کے اسکور بالترتیب 45، 34، 10، 29 اور سری لنکا کے خلاف فائنل میں صفر رہے۔











