پاکستان کی ملیحہ علی نے ایم ایم اے ورلڈ چیمپیئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

جمعہ 6 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی ملیحہ علی نے متعدد انجریز کے باوجود انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (آئی ایم ایم اے ایف) ورلڈ چیمپیئن شپ میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا، تاہم پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن نے سیمی فائنل میں روسی حریف پولینا بالڈینا کے خلاف ان کی متنازع شکست کو چیلنج کردیا ہے۔

جارجیا کے شہر تبلیسی میں ہونے والی چیمپئن شپ کے ویمنز فیدر ویٹ سیمی فائنل میں ملیحہ علی کو سابق عالمی چیمپئن پولینا بالڈینا کے ہاتھوں اسپلٹ فیصلے پر شکست ہوئی۔ ججز نے مقابلے کے حق میں 27-30، 28-29 اور 28-29 کے مختلف اسکور دیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فائٹرز نے بھارت کو ہرا کر مکسڈ مارشل آرٹس کا میلہ لوٹ لیا

ملیحہ علی ٹوٹی ہوئی انگلی، آنکھ پر چوٹ اور جبڑے کی جزوی طور پر اپنی جگہ سے ہٹی ہوئی ہڈی کے باوجود مقابلوں میں شریک ہوئیں۔

پاکستانی فائٹر نے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے روس کی 2 مرتبہ یورپی چیمپئن رہنے والی ویرونیکا ڈروزدووا کو اسپلٹ فیصلے پر شکست دی، جبکہ میکسیکو کی آندریا گیبریلا گزمین سالازار کے خلاف متفقہ فیصلے سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن نے سیمی فائنل کے فیصلے کے خلاف باضابطہ اپیل دائر کرتے ہوئے ججز سے ہر راؤنڈ کی اسکورنگ کی تفصیلات اور مقابلے کا تکنیکی جائزہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپیئن شپ، پاکستانی خواتین فائٹرز نے گولڈ میڈلز جیت لیے

فیڈریشن کے صدر عمر احمد نے ججز کے فیصلوں میں یکسانیت پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ہونے والی چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کو سیمی فائنل میں اسپلٹ فیصلے کے ذریعے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ملیحہ علی کی جڑواں بہن منیشہ بھی چیمپئن شپ میں شریک تھیں، تاہم انہیں لائٹ ویٹ کوارٹر فائنل میں پولینڈ کی مارٹینا کاروک کے ہاتھوں اسپلٹ فیصلے پر شکست ہوئی۔ منیشہ رواں سال کے آغاز میں انگولا میں ہونے والے آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ کپ میں سونے کا تمغہ جیت چکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp