پشاور اسپورٹس فیسٹیول 2026 اختتام پذیر ہوگیا، جس کے کبڈی فائنل میں چارسدہ نے پشاور کو 40 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ فیسٹیول میں پشاور سے تعلق رکھنے والے 500 سے زیادہ مرد و خواتین کھلاڑیوں نے 12 مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا۔
حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقدہ اختتامی تقریب میں مشیر کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر سرفراز علی اور مشیر مذہبی امور مولانا محمد طیب قریشی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی اور کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
تقریب میں سیکریٹری اسپورٹس آصف خان، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس واصل خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس رشیدہ غزنوی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نعمت اللہ مروت، ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر نازیہ ذکی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشفاق احمد، ایڈمنسٹریٹر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس عابد آفریدی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاؤنٹس شاہ فیصل سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر سرفراز علی نے کہا کہ کھیلوں میں کوئی ہارتا نہیں، کوئی میچ جیتتا ہے تو کوئی امید اور حوصلہ حاصل کرتا ہے، تاہم حقیقت میں جیت کھیل کی ہوتی ہے، کیونکہ کھیل ہمیں نظم و ضبط، برداشت اور باہمی احترام کا درس دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ حکومت کی کوشش ہوگی کہ صوبے کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کھلاڑیوں کو یکساں بنیادوں پر آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں، تاکہ وہ قومی سطح پر صوبے کی نمائندگی کر سکیں۔
ڈاکٹر سرفراز علی کا کہنا تھا کہ بچوں اور بچیوں کو کھیلوں میں حصہ لیتے دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبے کے نوجوان مستقبل میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں مزید دلچسپی لیں گے۔
مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں کس نے کامیابی حاصل کی؟
فیسٹیول کے بیڈمنٹن مقابلوں میں عماد اللہ اور محمد سدیس نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ریان خان اور جواد خان دوسرے اور شایان خان اور عفان خان تیسرے نمبر پر رہے۔
موئے تھائی کے مقابلوں میں ابوبکر نے گولڈ میڈل، عبدالرحمان نے سلور اور عباد نے برونز میڈل حاصل کیا۔
ایتھلیٹکس مقابلوں میں وقاص خلیل نے پہلی، رضا احمد نے دوسری اور امجد رحمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
کرکٹ کے فائنل میں معاذاللہ خان کینٹ اکیڈمی نے عمران خان اکیڈمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
کبڈی کے فائنل میں چارسدہ اور پشاور کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں چارسدہ نے 45 کے مقابلے میں 40 پوائنٹس سے پشاور کو شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔
رسہ کشی کے مقابلے میں ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کی ٹیم نے سپورٹس رائٹرز کی ٹیم کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ پشاور سپورٹس فیسٹیول 2026 میں 500 سے زیادہ مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ فیسٹیول میں کرکٹ، فٹبال، کبڈی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ، فل کانٹیکٹ کراٹے، موئے تھائی، اسکواش، 50 میٹر ریس، رسہ کشی اور وہیل چیئر ریس سمیت مجموعی طور پر 12 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے۔











