آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعے کو انتہائی افسوس ناک اور ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہا پسند رویے کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس، ذات یا عقیدہ ایک دوسرے کے لیے برابر ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ قومی ترقی میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوان ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ نوجوان، سچ آدھا سچ، جھوٹ اور غلط معلومات کا فرق سمجھیں۔
مزید پڑھیں
آرمی چیف نے ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کے لیے عوام میں دراڑیں، عدم رواداری، عدم اعتماد اور پرتشدد طرز عمل پیدا کرنے اور بھڑکانے والی دشمن قوتوں کی کوششوں کا ذکر بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پروگرام میں پاکستان بھر سے 370 طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔ آرمی چیف نے انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر نوجوانوں کو سراہا اور مبارکباد دی۔