ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے، پیپلزپارٹی کا نگراں حکومت پر تحفظات کا اظہار

جمعرات 14 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے قائم ہونے والی نگراں حکومت پر اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنماؤں شازیہ مری اور فیصل کنڈی کی جانب سے میڈیا کو بریفنگ دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کل تک جاری رہے گا اور اختتام پر پریس کانفرنس کے ذریعے فیصلوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

شازیہ مری نے کہاکہ اس وقت ملکی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے، مہنگائی میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے، ایسے میں ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں اور ملک کو آگے بڑھائیں۔

انہوں نے کہاکہ صدر مملکت کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ وہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں، عارف علوی کے خط کی وجہ سے کنفیوژن پیدا ہوئی، ہم نے تو آئین کی پاسداری کرنی ہے۔

ملک میں آئین کے مطابق جلد از جلد انتخابات ہونے چاہییں، شازیہ مری

شازیہ مری نے کہاکہ ملک میں جلد ازجلد آئین کے مطابق انتخابات ہونے چاہییں، چاہے ان کے لیے تاریخ کوئی بھی دے، حلقہ بندیوں کے معاملے پر بحث نہیں کرتے، امید ہے کہ جلد ملک میں انتخابات ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔

شازیہ مری نے کہاکہ ضروری ہے کہ ملک کو آئین اور قانون کے تحت چلایا جائے، نگراں حکومت کیسے سابق حکومت کے فیصلے موڑ سکتی ہے؟، الیکشن کمیشن اس پر کیوں خاموش ہے؟، الیکشن کمیشن ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کرا سکتا، انہوں نے کہاکہ میرے حلقے میں اسکول کی تعمیر رکوا دی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت سیکیورٹی کے معاملات پیچیدہ ہیں، انتخابات کے حوالے سے تجاویز آ رہی ہیں، ہماری جماعت کے حتمی فیصلے آنا باقی ہیں، ابھی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

شازیہ مری نے شکوہ کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش ہو رہی ہے، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ترقیاتی کاموں پر کوئی پابندی نہیں تو سندھ میں کیوں لگائی گئی ہے۔ ہمیں نگراں حکومت کے حوالے سے تحفظات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لطیف کھوسہ کو سی ای سی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، انہیں شوکاز نوٹس دیا گیا ہے جس کا 7 دنوں میں جواب مانگا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp