اسکاٹ لینڈ کے وزیر اعظم حمزہ یوسف کی ساس الزبتھ نکلا نے کہا ہے کہ دنیا معصوم فلسطینیوں کی مدد کرے۔
اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کی ساس الزبتھ نکلا نے غزہ سے روتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں انہوں نے التجا کی ہے کہ دنیا معصوم فلسطینیوں کی مدد کرے۔
الزبتھ نے غزہ میں اپنی صورتحال کے بارے میں بتایا ہے کہ ’میں ابھی غزہ میں ’’دارالبلا‘‘ میں اپنے شوہر کے خاندان کے ساتھ ہوں، یہاں ہمیں بجلی اور پانی میسر نہیں ہے، کھانے پینے کی چیزیں بھی کم رہ گئی ہیں۔‘
انہوں نے بتایا ہے کہ ’جو کھانے پینے کی چیزیں ہیں وہ بھی خراب ہو جائیں گی کیوں کہ یہاں بجلی نہیں ہے، میرے ساتھ 4پوتے پوتیاں ہیں، 2 ماہ کا بچہ، 1 چار سال کا بچہ اور دو 9 سال کے جڑواں بچے ہیں جن کی آج سالگرہ ہے۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ ’میری دنیا سے گزارش ہے کہ فلسطینیوں کی مدد کریں۔‘
واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ کے وزیر اعظم حمزہ یوسف کی ساس اپنے شوہر کے ساتھ رشتہ داروں سے ملنے جا رہی تھیں جب اسرائیل نے غزہ پر حملے شروع کردیے۔ الزبتھ نکلا اب بھی غزہ کے علاقہ دارالبلا میں موجود ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے وزیر اعظم حمزہ یوسف نے بین الاقوامی جریدے کو بتایا تھا کہ ان کی اہلیہ کا خاندان اس وقت غزہ میں ہے۔
11 اکتوبر کو حمزہ یوسف نے بتایا کہ ’ آج صبح میری ساس کی طرف سے تازہ معلومات ملی ہیں کہ وہ زندہ ہیں اور ہمیں یہی سننے کی ضرورت تھی۔‘
حمزہ یوسف نے بتایا کہ ان کی ساس نے انہیں بتایا ہے کہ وہ جس عمارت میں تھیں وہ لرز رہی ہے اس عمارت میں پھنسے چاروں چھوٹے بچے رات بھر چیختے رہے، یہ صورتحال بہت تشویشناک ہے۔