’روک سکو تو روک لو‘، پی ٹی آئی نے جلسوں پر قدغن کو خاطر میں نہ لانے کا فیصلہ کرلیا

جمعہ 13 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جلسوں پر قدغن کی صورت میں اپنی حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے یہ طے کیا ہے کہ کسی بھی شہر میں جلسہ کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے اجازت نہ ملنے کی صورت میں معاملہ عدالت لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق 9 مئی سے اب تک کا یہ مشاہدہ ہے کہ پارٹی کی کسی بھی سرگرمی کو رکوادیا جاتا ہے لہٰذا اس ’غیر اعلانیہ پابندی‘ کے پیش نظر خدشہ ہے کہ اسے آئندہ بھی کوئی جلسے یا کنوینشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ذرائع نے مزید کہا کہ اس خدشے کے پیش نظر یہ حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے کہ انتخابی جسلے جلوسوں یا پارٹی کے دیگر اجتماعات کی اجازت نہ ملنے پر معاملہ عدالت کے روبرو پیش کر دیا جائے گا۔

انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر تمام روپوش رہنما منظر عام پر آجائیں گے

پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 15 اکتوبر کے جلسے سے آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ ملک بھر میں ضلعی تنظیمیوں کو جلسے اور ورکرز کنونشن کے انعقاد کے لیے تیاریاں کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے روپوش رہنماؤں کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جن کے مطابق انتخابات کا اعلان ہوتے ہی تمام روپوش رہنما منظر عام پر آجائیں گے اور انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت جانے کا فیصلہ تحریک انصاف کو انتخابی مہم میں ’لیویل پلیئنگ فیلڈ‘ میسر نہ ہونے کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو لاہور لبرٹی چوک میں جلسہ کرنے کی اجازت طلب کی ہوئی ہے جو تاحال نہیں مل سکی ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی اپنی  الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی انتخابی مہم کا آغاز کردے گی جس کے لیے ضلعی عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

تحریک انصاف کے ایک ڈویژنل صدر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر تمام صوبائی صدور نے انتخابی مہم کے لیے تیاریاں شروع کرنے کا پیغام پہنچا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی ضلعی اور ڈویژنل سطح پر ورکرز کنوینشن منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملک بھر میں ورکرز کنوینشن کے انعقاد کے لیے ذیلی تنظیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp