امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کے ایک ہائی اسکول گریجویٹ کی جانب سے 2020 میں بوتل میں بند کر کے سمندر میں چھوڑا گیا پیغام 3600 میل دور بحر اوقیانوس کی دوسری جانب مغربی یورپی ملک پرتگال کے ساحل پر دو برس بعد ایک پرتگالی خاتون کو مل گیا۔
شمالی کیرولائنا کی ہائیڈ کاؤنٹی میں واقع اوکرا کوک اسکول کے انگریزی کے ٹیچر چارلس ٹیمپل نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ پانچ برسوں سے یہ روایت ڈال دی ہے کہ اسکول کے چھوٹے سے گریجویشن کلاس کو لیکر ایک سمر بوٹ ٹرپ پر لے جاتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ سمندر میں کشتی پر سفر کے دوران بوتل میں بند پیغام کو خلیج کے تیز بہاؤ پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ یہ پیغامات سینئر گریجویٹس کے ہاتھ سے تحریر کردہ نوٹس ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں آج سے قبل کبھی بھی بوتل میں ڈالے گئے اس پیغام کا جواب نہیں ملا۔ تاہم اس بار پرتگال کی الینا برٹین نے فیس بک پر اسکول کو ٹیگ کرتے ہوئے ہفتے کو بوتل میں بند پیغام کی پرتگال کے ساحلی علاقے سیتوبل میں ملنے کے بارے میں پوسٹ لگائی جس کے بعد پیغام کے کسی کو موصول ہونے سے متعلق علم ہوا۔