لاہور: تعلیمی ادارے اور دفاتر ہفتے میں 2 دن بند رکھنے کا فیصلہ

بدھ 15 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے اسموگ کی صورت حال کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے کہ لاہور میں اتوار کے علاوہ ہفتے کے روز بھی تعلیمی ادارے، سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کا اجلاس ہوا جس میں ماہرین کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہاکہ ہفتے کے روز مارکیٹیں دوپہر 3 بجے کے بعد کھلیں گی۔ لاہور میں 12 مقامات پر اسموگ میں کمی کے لیے اسموگ ایئر فلٹر آئیونائزر یونٹس لگائے جائیں گے، پنجاب میں ماحولیات کی بہتری کے لیے انوائرمینٹل لیب قائم کی جائے گی۔

موٹرسائیکل خریدنے پر پابندی ہوگی

انہوں نے کہاکہ سرکاری سطح پر فیول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگائی جارہی ہے، اب پنجاب میں الیکٹرک بائیکس ہی خریدی جائیں گی۔

انہوں نے کہاکہ اسموگ پر قابو پانے کے لیے اعلیٰ اختیاراتی انوائر مینٹل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مصنوعی بار ش برسانے کے لیے بہاؤ الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان اور پنجاب یونیورسٹی کے ماہرین سے فوری رابطہ کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بیجنگ میں اسموگ کا خاتمہ کرنے والی چینی ماہرین کی ٹیم کو مشاورت کے لیے لاہور آنے کی دعوت دی ہے۔ چینی قونصل جنرل کے تعاون سے چینی ماہرین کی مشاورت سے اسموگ پرقابو پانے کے لیے ریسرچ اور ٹیکنالوجی استعمال میں لائیں گے۔

چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اسموگ میں کمی کے لیے پنجاب حکومت کی ایک اور خصوصی ٹیکنیکل ٹیم بدھ کو الماتا روانہ ہو گی۔ 30 روز میں چنگ چی رکشوں کی فری رجسٹریشن کی جائے گی اور پھر غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں 10 فیصد فصلوں کی باقیات کوجلایا جاتا ہے جبکہ بھارت میں یہ شرح 90 فیصد ہے اور وہاں باقیات جلانے پر کوئی حکومتی کنٹرول نہیں جس کا ہم پر برا اثر پڑرہاہے۔

کسانوں کے لیے جدید مشینری خریدی جائے گی

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لیے بینکوں کے ساتھ ملکر جدید مشینری دے گی تاکہ آئندہ برسوں میں ہم ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری کی سربراہی میں ٹیم کسانو ں کے لیے جدید مشینری کا تعین کرے گی۔

پٹرول پمپس، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

نگراں وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں غیرمعیاری فیول کی چیکنگ کو تیز کردیا ہے، پولیس اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو غیرمعیاری پٹرول فروخت کرنے والے پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کاحکم بھی دے دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے اب تک 4 لاکھ 19 ہزار چالان کیے اور دھواں چھوڑنے والی 80 ہزار گاڑیاں بند کیں، محکمہ ماحولیات نے 3495 انڈسٹری یونٹ سیل،2 ہزار سے زائد ایف آئی آر درج اور 22 کروڑ روپے جرمانہ کیا، پولیس انسداد اسموگ مہم میں 21 کروڑ روپے اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ 4 کروڑ روپے جرمانہ عائد کرچکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp