قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ وہ ٹیم کی قیادت ملنے پر فخر محسوس کر رہے ہیں اور قوم کا نام روشن کرنے کے لیے پوری کوشش کریں گے۔
شاہین شاہ آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’میں اپنی قومی T20 کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے پرجوش ہوں اور فخر محسوس کر رہا ہوں، میں ٹیم اسپرٹ کو برقرار رکھنے اور کرکٹ کے میدان میں اپنی قوم کا نام روشن کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کروں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ ہماری کامیابی اتحاد، اعتماد اور انتھک محنت میں ہے، ہم صرف ایک ٹیم نہیں ہیں۔ ہم ایک برادری اور ایک خاندان کی طرح رہیں گے۔‘
ٹی 20 کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے پر شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ پاکستان کرکٹ بورڈ اور شائقین کے اعتماد اور حمایت کے لیے شکریہ۔‘
I am honoured and thrilled to lead our national T20 cricket team. Thank you to the Pakistan cricket board and fans for their trust and support.
I’ll give my best to uphold the team spirit and bring glory to our nation on the cricket field.
Our success lies in unity, trust and…— Shaheen Shah Afridi (@iShaheenAfridi) November 16, 2023
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو قومی ٹی 20 ٹیم اور شان مسعود کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا، جبکہ سابق کپتان بابراعظم نے ٹی 20، ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔
پی سی بی کی جانب سے ذمہ داری ملنے پر شان مسعود نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سے ملاقات کی ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں آگے لے جانے کے لیے محنت کریں گے، اہم ذمہ داری دینے پر پی سی بی کا شکرگزار ہوں، یقیناً قومی ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔