ملک کے تجارتی خسارے میں 34 فیصد کمی، برآمدات میں بھی اضافہ

ہفتہ 18 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک کے تجارتی خسارے میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر34 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر0.5 فیصد کا اضافہ اوردرآمدات میں 18 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران ملک کاتجارتی خسارہ 7.491 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 34 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک کا تجارتی خسارہ 11.356 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، اکتوبرمیں پاکستان کے تجارتی خسارہ کا حجم 2.174 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا، جوستمبرکے مقابلہ میں 43 فیصد زیادہ اورگزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں ایک فیصد کم ہے۔

ستمبرمیں پاکستان کاتجارتی خسارہ 1.518 ارب ڈالر اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 2.197 ارب ڈالرتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ملکی برآمدات کا حجم 9.600 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 0.5 فیصدزیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی برآمدات کا حجم 9.554 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، اکتوبرمیں برآمدات سے ملک کو2.690 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جوستمبرکے مقابلہ میں 9 فیصد اورگزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں 13فیصدزیادہ ہے۔

ستمبرمیں ملکی برآمدات کاحجم 2.476 ارب ڈالر اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 2.384 ارب ڈالر تھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ملکی درآمدات کاحجم 17.091 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدات پرصرف 20.910 ارب ڈالرکازرمبادلہ ہوا تھا، اکتوبرمیں ملکی درآمدات کا حجم 4.864 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جوستمبرکے مقابلہ میں 22 فیصد اورگزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں 6 فیصدزیادہ ہے۔ ستمبرمیں ملکی درآمدات پر3.994 ارب ڈالر اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 4.581 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp