حسابات جاریہ کے کھاتوں میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پرنمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے، فروری میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن 128 روپے فاضل رہا، جاری مالی سال میں تجارتی خسارہ میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان اورپاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ حتمی اعدادوشمار کے مطابق فروری 2024 میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن 128 ملین ڈالر فاضل رہا ہے جو جنوری میں 303 ملین ڈالرخسارے میں تھا۔
مزید پڑھیں
جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 999 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.846 ارب ڈالر تھا۔
جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں تجارتی خسارے کا حجم 13.54 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 38.18 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت مین تجارتی خسارے کا حجم 18.71 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
فروری 2024 میں تجارتی خسارے کا حجم 1.719 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال فروری میں 1.678 ارب ڈالر تھا۔
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملکی برآمدات کاحجم 20.53 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10.15 فیصدزیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی برآمدات کاحجم 18.64 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، فروری میں ملکی برآمدات سے 2.55 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جوجنوری میں 2.69 ارب ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 2.199 ارب ڈالر تھا۔
اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملکی درآمدات کا حجم 34.07 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.61 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی درآمدات پر37.35 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہواتھا، فروری میں ملکی درآمدات کاحجم 4.27 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوجنوری میں 4.55 ارب ڈالر اور گزشتہ سال فروری میں 3.87 ارب ڈالر تھا۔
چاول کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 85.83 فیصدکی نمو ریکارڈ
دوسری جانب ملک میں چاول کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر85.83 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالے سے دستیاب اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2023 سے لے کر فروری 2024 تک کی مدت میں چاول کی برآمدات سے ملک کو2.517 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 85.83 فیصدزیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چاول کی برآمدات سے ملک کو1.354 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں 3.932 ملین میٹرک ٹن چاول کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.546 ملین میٹرک ٹن تھی۔
اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں 472135 میٹرک ٹن باسمتی چاول کی برآمد سے ملک کو539.42 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 38.43 فیصدزیادہ ہے۔