کون بنے گا ورلڈ کپ کا فاتح، کرکٹ پنڈت کیا کہتے ہیں؟

ہفتہ 18 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک روزہ کرکٹ کا عالمی چیمپیئن کون ہو گا؟ فیصلہ ہونے میں ایک روز باقی رہ گیا ہے۔ بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں کل 19 نومبر کو بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرامودی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔

بھارت نے نیوزی لینڈ جبکہ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔

بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ ہونے سے قبل سابق کرکٹرز کی جانب سے پیشگوئیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ کون سی ٹیم ایک روزہ کرکٹ کی چیمپیئن ہو گی۔

سابق آسٹریلوی بیٹر میتھیوہیڈن نے بھارت کو فیورٹ قرار دیدیا

آسٹریلیا کے سابق بیٹر میتھیوہیڈن نے کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل معرکے میں بھارت کی ٹیم فیورٹ ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ بھارت کو ہوم گراؤنڈ کی وجہ سے سوا ارب سے زیادہ لوگوں کی اسپورٹ حاصل ہو گی۔ بھارتی ٹیم دباؤ میں زیادہ نکھر سامنے آتی ہے، روہت شرما الیون اس وقت بہترین کرکٹ کھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے اس وقت بہترین بولنگ کا مظاہرہ بھی کیا جا رہا ہے، حتیٰ کہ نوجوان محمد سراج نے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران خود کو منوا لیا ہے۔

میتھیوہیڈن کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم میں کوہلی کی صورت میں ایک تجربہ کار بیٹر موجود ہے۔ اس کے علاوہ شمبن گل، روہت شرما اور شریاس آئر جیسے کھلاڑیوں کی وجہ سے کہا جا سکتا ہے کہ بھارتی ٹیم ورلڈ کپ فائنل میں فیورٹ ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی ٹیم ایک ایسا فیکٹر ہے جو کرکٹ ورلڈ کپ مسلسل جیت چکی ہے اور اب بھی جیتنا چاہتی ہے۔

بھارتی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے فیورٹ ہے، سابق بھارتی کپتان اظہرالدین

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر الدین نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے فیورٹ ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ کے دوران تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم بھارت کو ہرا سکتی ہے، سابق انگلش کرکٹر مائیکل وان

اس کے علاوہ سابق انگلش کرکٹر مائیکل وان نے کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم فیورٹ ہے لیکن آسٹریلیا ایک ایسی ٹیم ہے جو بھارت کو شکست دے سکتی ہے۔

بھارت کے کھلاڑی پریشر نہیں لیتے، شین واٹسن

سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے بھی انڈیا کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایونٹ کے دوران اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی ٹیم نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور فائنل میں بھی وہ فیورٹ ہے کیونکہ وہ کھیل کے دوران پریشر نہیں لیتے۔

بھارتی بیٹر اور بولر فارم میں ہیں، ایان بشپ

ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز کرکٹر اور کمنٹیٹرایان بشپ نے بھی بھارت کو ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے فیورٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ پورے ٹورنامنٹ میں بھارت نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، بھارت کی بیٹنگ اور بولنگ زبردست کامیاب رہی ہے، بھارت کے تمام بلے باز اور بولر فارم میں ہیں، اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ فائنل کے لیے بھارت فیورٹ ہے۔

انڈیا فیورٹ ہے تاہم ہماری خواہش ہے آسٹریلیا جیتے، آرون فنچ

آسٹریلوی کرکٹر آرون فنچ نے بھی میڈیا سے گفتگو کے دوران بھارتی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انڈین ٹیم بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اس لیے لگتا ہے کہ وہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائے گی تاہم ہماری خواہش ہے کہ آسٹریلیا ہی کپ حاصل کرے۔

بھارتی ٹیم فیورٹ تاہم مقابلہ اچھا ہو گا، عمران طاہر

جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر عمران طاہر نے اپنے تبصرے میں کہا کہ فائنل میں مقابلہ اچھا ہو گا لیکن بھارت کی ٹیم ٹائٹل کے فائنل مقابلے کے لیے فیورٹ ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے دوران اب تک ناقابل شکست ہے، پہلے مرحلے کے 9 میچز میں کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم نے بھی ورلڈ کپ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو شکست دی ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم فائنل میں کامیابی حاصل کر کے تیسری بار ایونٹ اپنے نام کرنا چاہتی ہے جبکہ آسٹریلیا چھٹی بار ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp