خواتین کے بہتر روزگار کے لیے بلا سود قرضہ سہولت کا اجراء کیا جا رہا ہے، اسٹیٹ بینک

اتوار 19 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈپٹی منیجر اسٹیٹ بینک آف پاکستان قرۃ العین بلال نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں مردوں کے شانہ بشانہ خواتین ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں سے ملکی ترقی میں کردار ادا کر رہی ہیں، اس چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خواتین کو ذاتی کاروبار کے لیے بلا سود قرضہ سہولت کا اجرا کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب خواتین گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا کر پانچ لاکھ روپے تک کا قرضہ باآسانی حاصل کرکے بہتر روزگار کا سلسلہ شروع کر سکتی ہیں۔

اس موقع پر تقریب میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، دیگر بینکوں، انڈسٹریل اسکولز اور سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے نمائندوں سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے ڈپٹی مینجر اسٹیٹ بینک آف پاکستان قرۃ العین بلال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں خواتین 48 فیصد ہیں مگربہت تھوڑی تعداد بلکہ نہ ہونے کے برابر خواتین اس وقت اپنا ذاتی کاروبار کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے لازم ہے کہ خواتین دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے ذاتی کاروبار کو ترجیح دیں، اس وقت فوڈ آئٹم اور گھریلو زراعت کے شعبہ میں آگے بڑھنے کے وسیع امکانات موجود ہیں جن کو اختیار کر کے خواتین اپنے گھرانے میں بہتر روزگار کا سلسلہ شروع کر سکتی ہیں۔

قرۃ العین بلال کا کہنا تھا کہ ان کے کاروبار سے کئی ایک افراد کے روزگار کا بھی بندوبست ہو جاتا ہے۔ خواتین کو چاہیے کہ بنک میں ذاتی اکاؤنٹ لازمی کھولیں تاکہ تھوڑی تھوڑی بچت بھی ان کے آنے والے کل میں کام آ سکے۔

’بینکوں نے اس مقصد کے لیے الگ ڈیسک بھی قائم کر دیے ہیں تاکہ بینک آنے والی خواتین کو کسی قسم کی بھی کوئی پریشانی اور دقت نہ ہو، بینک اکاؤنٹ گھر بیٹھے بھی کھول سکتی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ہنر مندی کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے، ہنر مند خواتین گھریلو سطح پر بیوٹی پارلر اور دستکاری سینٹر بنا کر روزگار شروع کر سکتی ہیں، آسان قرضہ کی فراہمی اسٹیٹ بنک کی ترجیحات میں شامل ہو چکی ہے۔

نجی بینک کی نمائندہ مومنہ انجم نے کہا کہ اسلام کی روشن تاریخ ہے جس میں ہمیں ام المومنین حضرت خدیجہ رضی اللہ عنھا کی سیرت سے پتہ چلتا ہے کہ وہ مکہ مکرمہ کی بااثر تاجر تھیں جن کی تجارت نہ صرف مکہ مکرمہ بلکہ دوسرے ممالک تک پھیلی ہوئی تھی اور بے شمار افراد ان کے ذریعہ سے برسرروزگار تھے۔

فریحہ صفدر نے کہا کہ نجی بینک خواتین کے لیے بینک اکاؤنٹ کھولنے کے ساتھ ساتھ قرضہ فراہمی کے لیے بھی بہترین سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، خواتین کو چاہیے کہ وہ بینک میں اپنا ذاتی اکاؤنٹ لازمی کھولیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp