نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مسلح افواج اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنےکی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان امن کا داعی ہے، خطے کے ممالک اور ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ روابط چاہتے ہیں، تاہم مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔
پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) اکیڈمی اصغر خان رسالپور میں پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ گریجوایشن پریڈ کا معائنہ کرکے بےحد خوشی ہوئی، پاس آؤ ٹ ہونے والے پائلٹس اور انجینئرز کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ امید ہے کیڈٹس اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور پاکستان کا جھنڈا اونچا رکھیں گے۔ قوم کو آپ سے توقعات وابستہ ہیں۔
مزید پڑھیں
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئر فورس شاندار روایات کی امین ہے۔ آئی ٹی کی تبدیلیوں نے سیکیورٹی منظر نامے کو بدل دیا ہے، ہمیں ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے خود کو ہم آہنگ کرنا ہے۔ امید ہے کیڈٹس ٹریننگ کی بنیاد پر چیلنجز سے نمٹنے میں مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔