ایک مچھلی، 3 شکاری، کس کا پلڑا رہا بھاری؟

منگل 21 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دریا کنارے ایک مچھلی کا سامنا 3 زبردست شکاریوں سے ہوا۔ ان شکاریوں کے پاس اس مچھلی کو اپنا نوالہ بنانے کے لیے تجربہ، طاقت اور تیزی سمیت ہر صلاحیت موجود تھی لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔

یہ واقعہ جنوبی افریقہ کے کروگر نیشنل پارک کا ہے جسے فوٹوگرافر اڈیل سنائیڈ نے اپنے کیمرے میں محفوظ کیا اور اس دلچسپ واقعہ کا آنکھوں دیکھا حال ایک ویب سائٹ پر شیئر کیا۔

اڈیل نے واقعہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ دن پہلے وہ کروگر نیشنل پارک گئے ، یہ صبح کا وقت تھا، ہلکی ہلکی بارش ہورہی تھی، وہ اپنی گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے دریا کے نزدیک آکر رک گئے۔

اڈیل نے بتایا کہ وہ وہاں کچھ دیر ہی رکے تھے کہ اچانک سے ایک بگلا دریا کے دوسرے کنارے سے اڑتا ہوا آیا اور ایک چٹان پر آکر بیٹھ گیا۔ اس نے دریا میں تیرتی مچھلیاں پکڑنے کی بہت کوشش کی مگر ناکام رہا۔

بگلے کو مچھلی شکار کرتے دیکھ کر قریبی جھاڑیوں سے ایک موٹی تازی اور بڑی چھپکلی بھی پلک جھکپتے ہی وہاں آن پہنچی۔ ان دونوں شکاریوں کو اس بات کا اچھی طرح اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ یہاں ایک ساتھ کیوں موجود ہیں۔

کچھ دیر ہی گزری تھی کہ اچانک سے ایک مچھلی نے غالباً مگرمچھ سے بچنے کے لیے اسی چٹان پر چھلانگ لگا دی جس پر بگلا اور چھپکلی اسے اپنا نوالہ بنانے کے لیے موجود تھے۔ مچھلی ان دونوں کے بیچ آکر گری تھی۔

بھوکا بگلا اپنے سے کئی گنا طاقتور چھپکلی کی پرواہ کیے بغیر مچھلی پر لپکا۔ وہ اسے اپنی چونچ میں دبانے ہی والا تھا کہ چھپکلی بھی بجلی کی سی تیزی سے وہاں پہنچ گئی۔ چھپکلی کی رفتار اور جسامت سے گھبرا کر بگلا فوراً پیچھے ہٹ گیا۔

ایک 2 سیکنڈز کے اس کھیل میں یہی وہ موقع تھا مچھلی جس کی تلاش میں تھی۔ دونوں شکاریوں میں شکار کو ہڑپنے کی تگ و دو کے درمیان ملنے والا ایک سیکنڈ کا وقت مچھلی کو اپنی جان بچانے کے لیے کافی تھا اور مچھلی نے ایسا ہی کیا۔

اس نے فوراً پانی میں چھلانگ لگائی اور اپنی جان بچا لی۔ بگلے اور چھپکلی کے پاس ایک دوسرے کا منہ تکنے کے علاوہ کچھ باقی نہ بچا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp