غزہ: جنگ بندی مذاکرات کے ساتھ اسرائیلی جارحیت بھی جاری، مزید 64 فلسطینی شہید

منگل 21 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قطر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے ساتھ مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں اور جلد ہی اس حوالے سے معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور امریکی صدر جو بائیڈن بھی کہہ چکے ہیں کہ حماس کے ساتھ جلد جنگ بندی معاہدہ طے  پا جائے گا۔

اس سے قبل حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم جنگ بندی پر ایک معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہیں اور ہمارے گروپ نے قطری ثالثوں کو اپنا جواب پہنچا دیا ہے۔ مذاکرات کار 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے دوران پکڑے گئے تقریباً 240 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی اجازت دینے کے لیے ایک معاہدے پر کام کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عارضی معاہدے میں4 سے 5 روزہ جنگ بندی شامل ہے، جس میں زمینی جنگ بندی اور جنوبی غزہ پر اسرائیلی فضائی کارروائیوں کی حد شامل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاہدے کے تحت حماس 50 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گا اور ہر اسرائیلی یرغمالی کے بدلے 3 فلسطینیوں کو رہا کیا جائے گا۔

جنگ بندی مذاکرات بھی اور حملے بھی

دوسری جانب غزہ اور لبنان کی سرحد پر اسرائیلی فوج کے زمینی اور فضائی حملے جاری ہیں، اسرائیلی فوج کی تازہ وحشیانہ کارروائیوں میں لبنان کی سرحد کے نزدیک 3 صحافی شہید ہوگئے۔ لبنانی چینل المیادین ٹی وی کے مطابق اسرائیلی بمباری میں ان کی نمائندہ فرح عمر اور کیمرہ مین ربیح معماری کے علاوہ ایک اور مقامی صحافی ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے آج بھی غزہ پر بمباری کی جس کے بعد وہاں دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے تھے۔ اس سے قبل اسرائیل فوج نے اعلانات کے ذریعے فلسطینی شہریوں کو شمالی غزہ کو مکمل طور پر خالی کرنے کا کہا تھا۔

اسپتال پر بمباری سے 4 ڈاکٹرز شہید

ہلال احمر فلسطین نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا ہے کہ جبالیا کے علاقے میں قائم العودہ اسپتال پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 4 ڈاکٹرز شہید ہوچکے ہیں، حملے کے بعد اسپتال میں داخل مریضوں کو کمال عدوان اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا ہے کہ غزہ کے شمال میں تمام اسپتال بند ہوگئے ہیں اور وہاں کوئی طبی امداد نہیں دی جارہی۔

اسکول اور گھروں پر بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت 64 فلسطینی شہید

اسرائیلی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق منگل کو غزہ پٹی میں بریج کیمپ میں قائم ایک اسکول پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے کے نتیجے میں 20 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اسکول پر 2 میزائل داغے۔ بریج کیمپ میں ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی رہائش پذیر ہیں۔

وفا ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے آج مشرقی غزہ کے شہر الشجایا پر ایک گھر پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 19 فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے علاقے صابرہ میں بھی 3 گھروں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 15 فلسطینی شہری شہید ہوئے۔ وفا ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کی نصیرات پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے 6 اور جبالیا کیمپ پر وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہری شہید ہوئے۔

شہادتیں 14 ہزار سے متجاوز

7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 14,128 فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں 5,600 بچے اور 3,350 خواتین بھی شامل ہیں۔ ان حملوں کے بعد 6,800 افراد اب تک لاپتہ ہیں یا ان کے ملبے تلے ہونے کا امکان ہے۔ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 44,000 گھر تباہ جبکہ 230,000 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیلی محاصرے اور بمباری کے باعث 26 اسپتال بند جبکہ 55 میڈیکل سینٹرز پر طبی خدمات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔

برکس کا غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ

برکس گروپ میں شامل ممالک نے آج غزہ پر اسرائیل کی جنگ کے خاتمے اور غزہ کی پٹی میں تیزی سے بگڑتے ہوئے انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے دونوں جانب سے دشمنی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کی زیر صدارت ایک ورچوئل سربراہی اجلاس میں برکس گروپ نے فلسطین اور اسرائیل میں شہریوں پر حملوں کی مذمت کی، بیشتر برکس رہنماؤں نے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کوجنگی جرائم قرار دیا۔

عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے، سعودی عرب

سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو غزہ میں اسرائیل کی جانب سے ہونے والی خلاف ورزیوں کو روکنے کی ذمہ داری اٹھانا ہو گی۔

سعودی عرب کے وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے بیجنگ میں چین اور اسلامی و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران غزہ میں جنگ روکنے اور زندگیوں کو بچانے کے لیے عالمی برادری کی مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم یہاں بالکل واضح پیغام دینے کے لئے آئے ہیں جو یہ ہے کہ لڑائی اور اموات کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے، چین

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی کے منصفانہ مقصد کی بھرپور حمایت کی ہے ،چین نے ہمیشہ فوری جنگ بندی، عام شہریوں کے تحفظ، انسانی صورتحال کی بہتری اور دو ریاستی حل کے نفاذ کی وکالت کی ہے اور فلسطین کے مسئلے کے جلد، جامع، منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے انتھک کوششیں جاری رکھے گا۔ چینی وزیر خارجہ نے ان خیا لات کا اظہار فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 35 ویں سالگرہ پر مبارکباد کے پیغامات کے تبادلہ میں کیا۔

اسرائیل پر دباؤ کے لیے تمام ممالک کو ایک ہونا پڑے گا، ترکیہ

ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان نے کہا ہے کہ اسرائیل پر دباؤ کے لیے تمام ممالک کو یک آواز ہونا پڑے گا۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ نے ترک پارلیمان کے منصوبہ بندی و بجٹ کمیشن سے خطاب کے دوران کہا کہ اب تک ہزاروں فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، مساجد کی شہادت ہمیں کسی طور قبول نہیں ہیں، خطے میں مستقل امن کے لیے ہمیں مل کر کوششیں کرنا ہوگی، میرا خیال کہ اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے لیے علاقائی ممالک کو یک آواز ہونا پڑے گا۔ اس مسئلے کا واحد حل 1967 کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات میں تیزی لانے کا مطالبہ

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں جنگی جرائم کی تحقیقات میں تیزی لانے کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں۔ تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی افواج نے ایک بار پھر غزہ کی پٹی پر مسلسل بمباری کرکے شہریوں کو تباہ کن نقصانات پہنچائے ہیں اور انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp