وہ بس نام کا ہی ’امیر‘ تھا، حقیقت میں وہ ایک کچرا چننے والا لڑکا تھا۔ وہ اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے کچرا چنتا تھا اور ایک روز کچرا چنتے چنتے اس نے وہ خزانہ پالیا جس کا اس نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔
اس بچے کی کہانی بیان کرنے سے قبل یہ بتانا ضروری ہے کہ ہمارے معاشرے میں عموماً کچرا چننے والے بچوں کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی اور یہ تصور کرلیا جاتا ہے کہ کچرا چننے والے بچوں میں تعلیم، بہتر مستقبل یا آگے بڑھنے کی لگن نہیں پیدا ہوسکتی، لہٰذا ہم لوگ یہ سوچ کر اپنی معاشرتی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہوجاتے ہیں کہ ان بچوں کے جذبات اور احساسات نہیں ہوتے، یہ خواب نہیں دیکھتے، یہ بچے ایسے ہی ہیں اور ہمیشہ ایسے ہی رہیں گے۔
مگر کوئٹہ کا 16 سالہ باہمت بچہ امیران اپنے جنون شوق کی بدولت حوصلہ شکنی کرنے والے معاشرتی رویوں کو شکست دیکر ہزاروں بچوں کے لیے ایک مثال بن کر ابھرا ہے۔
بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں امیران نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کوئٹہ میں مزدوری کرتا تھا اور کبھی اسکول نہیں گیا تھا۔ یونیسف کی مدد سے اسے تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا۔
امیران کا کہنا تھا، ’آج میری ملاقات صدر پاکستان عارف علوی سے ہوئی، میں کچرا چننے والا بچہ تھا مگر یونیسیف کی وجہ سے آج صدر پاکستان سے میری ملاقات ہوئی، مجھے ایسا موقع ملے گا، میں نے ایسا کبھی خواب میں بھی نہیں دیکھا تھا‘۔
16 سالہ امیران کوئٹہ میں مزدوری کرتا تھا اور کبھی اسکول نہیں گیا تھا۔ یونیسف کی مدد سے اسے تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا۔ اس بچوں کے عالمی دن کے موقع پر امیران نے صدر پاکستان سے ملاقات کی۔ آئیں سنتے ہیں امیران کی کچھ اہم باتیں۔ #WorldChildrensDay pic.twitter.com/KMbfELbCqa
— UNICEF Pakistan (@UNICEF_Pakistan) November 21, 2023
امیران نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے بچے اکثر محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہوتے ہیں کیونکہ ان کے خاندان غریب ہوتے ہیں، ان میں سے کچھ بچے ایسے ہوتے ہیں جو تعلیم حاصل نہیں کرتے اور یہ سمجھتے ہیں کہ انہیں کام کرکے پیسہ مل رہا ہے تو پھر تعلیم حاصل کرنے کی کیا ضرورت ہے۔
امیران نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ جو بچے تعلیم حاصل نہیں کرتے انہیں زندگی میں بس محنت مزدوری کرنا پڑتی ہے اور مستقبل میں ان کے بچوں کو بھی یہی محنت مزدوری کرنا پڑتی ہے۔
امیران کا کہنا تھا جو بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں وہ اپنی زندگی بدلتے ہیں اور بڑے ہوکر اچھا پیشہ اختیار کرسکتے ہیں۔