30 نومبر: جب مبشر حسن کی کوٹھی میں پاکستان پیپلز پارٹی بنائی گئی

جمعرات 30 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ِتاشقند معاہدے کے بعد صدر ایوب خان اور وزیرِ خارجہ ذوالفقار علی بھٹو کے مابین تعلقات کی خلیج بڑھ گئی۔ جون 1966ء میں حکومت پاکستان نے اعلان کیا کہ وزیرِ خارجہ کو خرابی صحت کی بنیاد پر لمبی چھٹی کی اجازت دے دی ہے۔

بھٹو نے لمبی چھٹی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے راولپنڈی سے کراچی واپسی کے لیے ٹرین کا انتخاب کیا۔ ایوب خان کی آمریت سے تنگ عوام نے ہر اسٹیشن پر ذوالفقار علی بھٹو کا استقبال کیا۔ اگلے ڈیڑھ برس میں  بھٹو اور ان کے ساتھی میدان سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر چکے تھے۔

بالآخر 1967ء میں آج ہی کے دن لاہور میں ڈاکٹر مبشر حسن کی رہائش گاہ پر 2 روزہ  اجلاس شروع ہوا تھا جس کے خاتمے پر یہ فیصلہ ہوا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نام سے نئی سیاسی جماعت شروع کی جائے گی۔ اراکین اجلاس نے ذوالفقار علی بھٹو کو پارٹی چیئرمین اور جے اے رحیم کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا۔


آج برطانیہ کے دو مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے والے ونسٹن چرچل کا یومِ پیدائش ہے۔ وہ سال 1874ء میں ہیم پیلس، آکسفورڈ شائر، انگلینڈ میں پیدا ہوئے۔ چرچل ایک متاثر کن سیاستدان، مصنف، اور سپاہی تھے جنہوں نے دوسری جنگ عظیم میں برطانیہ کو فتح سے ہمکنار کرایا۔


سال1936ءمیں  لندن کے سب سے بڑے تاریخی مقامات میں سے ایک، کرسٹل پیلس آگ کی لپیٹ میں آ کر راکھ ہوا۔


سال 1994ء میں  لگژری کروز جہاز ، ایم ایس اچیل لورو، کے انجن روم میں آگ بھڑکی۔ تقریباً 1000 افراد اس جہاز پر سوار تھے اور وہ بحر ہند میں صومالیہ کے قریب سے گزر رہا تھا۔ عملہ کئی گھنٹوں تک آگ بجھانے کی کوشش کرتا رہا مگر کامیابی نہ ہوئی۔آخر کار لائف بوٹس کے زریعے مسافروں کو جہاز سے نکا لا گیا۔ اس دوران 2 بوڑھے مسافر جانبحق اور 8 زخمی ہوئے، باقی تمام لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔ یہ وہی جہاز ہے جسے فلسطین لبریشن فرنٹ سے وابستہ چار فلسطینیوں نے 1985ء میں ہائی جیک کیا تھا۔


30 نومبر 1982ء کو بیگم نصرت بھٹو نے فعال سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp