قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں اپنا سامان خود اٹھانے کے پیچھے کوئی خاص وجہ نہیں، ہمارے پاس دوسری فلائیٹ کے لیے وقت بہت کم تھا اور سامان اٹھانے کے لیے صرف دو لوگ موجود تھے تو ہم نے ان کی مدد کی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر فوٹیج وائرل ہو رہی تھی جس میں کھلاڑیوں کو خود سامان ٹرک پر لوڈ کرتے ہوئے دکھایا جا رہا تھا۔ ’قومی کرکٹ ٹیم اس وقت آسڑیلیا میں موجود ہے جہاں وہ آسڑیلیا کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلے گی‘۔
https://twitter.com/thisAhadd/status/1731186618919272871?t=hDKGThO8P7QWhcwyWv4z2g&s=19
شاہین شاہ آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قومی ٹیسٹ ٹیم آسٹریلیا میں اچھا پرفارم کرنے کے لیے پُرامید ہے، آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی یہ آخری ٹیسٹ سیریز ہے مگر ہم پُر امید ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف اچھا پرفارم نہیں کرسکیں گے۔
قومی فاسٹ بولر نے کہاکہ ڈیوڈ وارنر نے تینوں فارمیٹس میں آسٹریلیا کے لیے اچھی کرکٹ کھیلی ہے، ان کے لیے بھی ہماری نیک تمنائیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، ہم آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
مزید پڑھیں
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہمارا کینبرا میں کھیلنے کا کوئی زیادہ تجربہ نہیں لیکن پی ایم الیون کے خلاف میچ میں ہمیں سیریز کی تیاری کا موقع میسر آئے گا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں سینیئر اور جونیئر کھلاڑی موجود ہیں، ہم آسٹریلوی اسکواڈ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ٹی ٹوئینٹی کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کے خلاف ہم نے کرکٹ کھیلی ہے، ہم سب کو جانتے ہیں، وہ ہمیشہ جم کر مقابلہ کرتے ہیں مگر ہم بھی اچھا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی جس کا پہلا میچ 6 سے 9 دسمبر تک کینبرا میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے میلبورن اور تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیمیں 3 جنوری کو سڈنی میں آمنے سامنے ہوں گی۔