آج کا دن پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس روز یعنی 4 دسمبر 1953 کو اس ملک کی تاریخ کا پہلا سیاسی اتحاد قائم ہوا۔ جگتو فرنٹ کہلائے جانے والے اس متحدہ محاذ میں 4 سیاسی جماعتوں، عوامی لیگ، سرامک کرشک پارٹی، گن تنتری دل، اور نظام اسلام پارٹی شامل تھیں جن کے قائدین حسین شہید سہروردی، مولوی فضل حق، مولانا بھاشانی اور مولانا اطہر تھے۔
بنیادی طور پر یہ اتحاد مارچ 1954 میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ کو ہرانے کے لیے بنایا گیا تھا اور اس نے اپنے منشور کی وجہ سے مشرقی پاکستان میں اتنی مقبولیت حاصل کی تھی کہ مسلم لیگ کی ملک کے اس حصے میں بقا کو ہی خطرے میں ڈال دیا تھا۔ یہ منشور 21 نکات پر مشتمل تھا جس میں جگتو فرنٹ نے عدلیہ کی انتظامیہ سے علیحدگی، بنیادی حقوق کے تحفظ، مکمل صوبائی خود مختاری، تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی، امتناعی نظر بندی کے قوانین کا مکمل خاتمہ، اور بنگلہ کو اردو کے ساتھ قومی زبان کا درجہ دینے جیسے مطالبات کیے تھے۔
آخر کار الیکشن کا دن آیا۔ 8 مارچ 1954 کوپولنگ ہوئی اور جگتو فرنٹ نے 309 میں سے 223 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جب کہ مسلم لیگ کے حصے میں صرف 9 سیٹیں آئیں۔ اس عبرتناک شکست کی وجہ سے مسلم لیگ پارلیمانی پارٹی کا درجہ حاصل کرنے میں بھی ناکام ہو گئی تھی کیونکہ یہ درجہ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت پر کم از کم 10 نشستیں حاصل کرنا لازم تھا۔ بالآخر مسلم لیگ نے ایک آزاد رکن فضل القادر چوہدری کی حمایت حاصل کی اور پارلیمانی پارٹی کا درجہ پانے میں کامیاب ہوئی۔
انتخابات کے بعد سرامک کرشک پارٹی کے قائد مولوی فضل حق نے مشرقی بنگال کے وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھایا۔ ان کے کابینہ 3 وزرا پر مشتمل تھی جس کی قسمت میں محض 2 ماہ کی حکمرانی لکھی تھی۔ وزیر اعظم محمد علی بوگرہ کی حکومت نے30 مئی 1954 کو مشرقی بنگال کی نومنتخب اسمبلی کو توڑ کر گورنر راج قائم کر دیا۔
آج بینکوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
سال1829ء میں آج ہی کے دن تاجِ برطانیہ نے ہندوستان میں “ستی” کی ظالمانہ رسم پر پابندی لگائی تھی، جس میں کسی ہندو کے مرنے پر اس کی بیوی بھی اپنے شوہر کی چتا کے ساتھ جل جاتی تھی۔
آج کے دن 1948ء میں پاکستانیوں کو وطن واپس لانے والا کویتی طیارہ ہائی جیک کر لیا گیا۔ کویتی ائیرلائن کے اس طیارے میں 95 مسافر سوار تھے جبکہ یہ فلائٹ کویت سے براستہ دبئی کراچی جا رہی تھی۔ تمام مسافروں کو 5 دن بعد 8 دسمبر کو رہا کر دیا گیا تھا۔
سال1994ء میں پاکستان نے چوتھی بار ہاکی ورلڈ کپ جیتا۔














