ایف آئی اے کو 2 سال سے مطلوب انسانی اسمگلر کراچی سے گرفتار

منگل 5 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے کراچی میں کارروائی کی ہے اور انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈائریکٹر کراچی زون زعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر انسانی اسمگلرز کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل بہاول اوستو کے احکامات پر چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ انسانی اسمگلر عدنان افضل کو کراچی سے گرفتار کر لیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ کے منظم گینگ کا سرغنہ ہے اور گزشتہ 2 سال سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔

ملزم سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث تھا، گرفتار ملزم نے شہریوں سے بیرون ملک بھجوانے کے نام پر کروڑوں روپے بٹورے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم اب تک 50 سے زیادہ شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوا چکا ہے۔ ملزم سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بارڈر پار کرانے میں بھی ملوث تھا۔

ملزم نے متعدد شہریوں سے بغیر لائسنس کے سفری دستاویزات بھی حاصل کیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق دیگر ملزمان کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کر لی گئی ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp