آج کے روز 1949ء میں پاکستان کے وزیر اعظم لیاقت علی خان کو امریکی صدر ہیری ٹرومین کی جانب سے امریکہ کا دورہ کرنے کی باقاعدہ دعوت موصول ہوئی۔ یہ دعوت نامہ امریکی وزیر خارجہ ڈین ایچی سن کے مشورے پر صدر ٹرومین نے بھیجا تھا اور اس کے پیچھے 2 وجوہات تھیں۔
پہلی یہ کہ بھارت کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے امریکی دورے کے دوران صدر ٹرومین کو اندازہ ہوا کہ نہرو نان الائنمنٹ موومنٹ پر سختی سے کاربند ہیں اور ان کی اپروچ امریکی اپروچ سے یکسر مختلف ہے۔ یوں جب نہرو صدر ٹرومین اور دیگر امریکی حکام کے لیے مایوس کن ثابت ہوئے تو ان کا دھیان پاکستان کی طرف گیا۔
دوسری وجہ روسی صدر سٹالن کی جانب سے لیاقت علی خان کو دورۂ روس کی دعوت تھی۔ اس دعوت نے بھی امریکہ کو سوچنے پر مجبور کیا کہ پاکستان اس کے مخالف پول کا حصہ بننے جا رہا ہے۔ چنانچہ امریکہ نے سٹالن کی دعوت کے اگلے روز ہی گولہ بارود کی بھاری کھیپ پاکستان کو دیے جانے کی منظور ی دی۔ پاکستان نے اپریل 1949 میں امریکہ سے 75 ایم ایم گولہ بارود کے 2 لاکھ راونڈ دینےکی درخواست دی تھی جس پر امریکہ نے کوئی توجہ نہیں دی تھی۔ یہ کھیپ بھیجنے کی منظوری دے کر امریکہ پاکستان کو مخمصے میں ڈالنا چاہتا تھا کہ وہ سوویت یونین کی دعوت قبول کرے یا نہ کرے۔
سٹالن نے لیا قت علی خان کے دورے کے لیے 14 اگست 1949 کی تاریخ مقرر کی جس پر پاکستان نے کوئی اور دن مقرر کرنے کی درخواست کی کیونکہ یہ پاکستان کی آزادی کا دن اور اس روز وزیراعظم کی ملک میں موجود لازمی تھی۔ لیکن سوویت یونین کی طرف سے خاموشی اختیار کی گئی اور دورے کے لیے نئی تاریخ مقرر نہ کی۔ اسی دوران صدر ٹرومین نے اپنے وزیر خارجہ کے مشورے پر غور کیا اور 23 نومبر کو محکمہ خارجہ کے زریعے لیاقت علی خان کے لیے دعوت نامہ ارسال کر دیا جسے انہوں نے 9 دسمبر 1949 کو وصول کی اور اگلے ہی روز دورے کی دعوت قبول کرنے کا اعلان کر دیا۔
آج انسداد بدعنوانی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
آج نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور اس کے متاثرین کی یاد کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
سال 1970ء میں سابق وزیر اعظم ملک فیروز خان نون انتقال کر گئے۔
سال 1974ءمیں مشہور گلوکار راحت فتح علی خان پیدا ہوئے۔
آج کے روز سال 1948ء میں لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس ، جسٹس خواجہ محمد شریف پیدا ہوئے۔آپ کا شمار ان ججوں میں ہوتا ہے جنہیں پرویز مشرف نے 3 نومبر 2007ء کو پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے کی پاداش میں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
آج کے روز1992 ء میں شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا نے باضابطہ علیحدگی کا اعلان کیا۔
سال 1995ء میں آج کے روز الطاف حسین کے بھائی ناصر حسین اور بھتیجے عارف حسین کی کراچی میں جھاڑیوں سے لاشیں برآمد ہوئیں۔
آج کے روز 1999ء میں حکومتِ پاکستان نے نجی شعبے کو ٹی وی چینل کے لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ۔














