معذور مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر ’زایون کلارک‘ نے پیرس اولمپکس پر نظریں جمالیں

اتوار 10 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف معذور مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر زایون کلارک نے کئی ریکارڈز اپنے نام کرنے کے بعد اب پیرس میں ہونے والے اولمپکس کے مقابلے پر نظریں جما لی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ 2024 کے سمر اولمپکس اور پیرالمپکس میں حصہ لینے کی تیاری کررہے ہیں جہاں وہ سونے کا تمغہ جیتنے اور کوئی نیا عالمی ریکارڈ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

26 سالہ زایون کلارک بغیر ٹانگوں کے پیدا ہوئے ہیں، انہیں ایک ایسی بیماری ہے جو انسان کے جسم کے نچلے حصے کی نشوونما نہیں ہونے دیتی۔ کلارک نے مایوس ہو کر بیٹھنے کو ترجیح نہیں دی بلکہ مسلسل محنت و لگن سے اپنے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے کوشش جاری رکھی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ پوری دنیا میں جانے جاتے ہیں اور اب تک انہوں نے 3 گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔

2013 میں کمبرلی ہاکنز نامی ایک خاتون نے زایون کو ہمیشہ کے لیے اپنا بیٹا بنا کر ساتھ رکھ لیا تھا۔

ایک انٹرویو میں زایون کلارک نے کہا کہ میں جو کام کرتا ہوں اس سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ دنیا میں کئی لوگ ایسے بھی ہیں جو خود کو 9 سے 5 بجے تک کی نوکری میں جھونک دیتے ہیں اور زندگی کو کھل کر انجوائے نہیں کر پاتے۔ اس لیے ہمیشہ کام وہ کرنا چاہیے جس سے آپکو سکون محسوس ہو۔ زایون کلارک ایک باصلاحیت انسان ہیں جو فائٹر ہونے کے ساتھ ساتھ گٹار اور پیانو بھی اچھی طرح سے بجا لیتے ہیں۔

26 سالہ زایون کلارک پیدائشی طور پر ٹانگوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے انہیں جنم دینے والی ماں نے بھی پالنے سے انکار کردیا تھا اور اسپتال میں چھوڑ دیا تھا۔ وہ 16 سال کی عمر تک ایک سے دوسرے اور دوسرے سے تیسرے گھر میں لے پالک بچے کے طور پر پلتے رہے اور ہر طرح کی دشواری، حقارت اور پریشانی کا سامنا کرتے رہے۔

2013 میں کمبرلی ہاکنز نامی ایک خاتون نے زایون کو ہمیشہ کے لیے اپنا بیٹا بنا کر ساتھ رکھ لیا تھا۔ زایون کا کہنا ہے کہ ٹانگوں سے محرومی ان کے لیے زندگی کا سب سے بڑا چیلنج تھی جسے پورا کرنے کےلیے انہوں نے ہر وہ کام کیا جو ٹانگوں والا ایک نارمل انسان کرسکتا ہے۔

زایون کلارک نے 20 میٹر کا فاصلہ ہاتھوں کے بل پر صرف 4.78 سیکنڈ میں طے کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا

انہوں نے اداکاری کی، باڈی بلڈنگ کی، ریسلنگ میں مہارت حاصل کی اور دنیا کو دکھا دیا کہ ان میں وہ سب کچھ کرنے کی قابلیت ہے جو ایک نارمل انسان کرسکتا ہے۔ دوسروں کو حوصلہ دینے کے لیے انہوں نے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ کے علاوہ ذاتی ویب سائٹ بھی بنائی ہوئی ہے۔ زایون کی زندگی پر نیٹ فلکس نے ایک مختصر ڈاکیومینٹری بھی بنائی ہے۔ وہ ایک امریکی مصنف کے تعاون سے اپنے بارے میں ایک کتاب ’زیون: ان میچڈ‘ بھی لکھ چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp