نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشتگرد جنگ ہار چکے ہیں اب صرف اعلان باقی ہے۔
ڈی آئی خان میں ہونے والی دہشتگردی میں زخمی ہونے والے جوانوں کی سی ایم ایچ میں عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کے خلاف یہ جنگ ریاست پاکستان نے جیتی، اب یہ ایک حملہ کریں گے تو ہم 10 قدم آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ یہ لوگ کس سے لڑ رہے ہیں، کیا ہمیں یہ موت سے ڈرانا چاہتے ہیں، یاد رکھیں ہم جیتی ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ علمائے حق ریاست اور امن کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے کئی ہزار نوجوان شہید ہو چکے اور کئی ہزار تیار ہیں، میں جنہیں حوصلہ دینے گیا تھا انہوں نے مجھے حوصلہ دے کر بھیجا۔
مزید پڑھیں
نگراں وزیراعظم نے کہاکہ اس جنگ میں جنہوں نے قربانیاں دیں وہ جنت میں راحت میں ہوں گے۔
وزیراعظم نے انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں شہید ہونے والوں کے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی ایک بہادر و مضبوط قوم ہے اور ہماری افواج دشمنوں کے ناپاک عزام کو ناکام بنا کر انہیں منہ توڑ جواب دیں گی۔
وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور نگراں وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حیسن شاہ بھی اس موقع پر وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔
واضح رہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈی آئی خان میں مشتبہ سرگرمیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 27 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا، تاہم درابن کے علاقے میں سیکیورٹی پوسٹ پر خود کش حملے میں 23 اہلکار بھی شہید ہوگئے تھے۔