اسموگ کا روگ: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار لاہور کے مختلف علاقوں میں مصنوعی بارش

ہفتہ 16 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اسموگ سے جان چھڑانے کے لیے لاہور کے مختلف علاقوں میں مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ آج صبح بھی لاہور دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر تھا، ہم نے آج پاکستان میں پہلی مصنوعی بارش کردی ہے، لاہور کے 10 حصوں میں ہلکی پھلکی بارش ہوئی ہے۔ پہلے اسپیل کے کچھ ٹائم بعد مصنوعی بارش کا دوسرا اسپیل بھی کر دیا گیا ہے۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پہلی فلائٹ میں 48 فلیئرز فائر کیے گئے، یہ ہمارے لیے بہت بڑا مسئلہ تھا، پہلا فائر شاہدرہ اور مریدکے کی طرف ہوا۔ مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب رہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں،35 کروڑ روپے والی خبرغلط تھی، ہمارا سارا مقصد اسموگ کو ختم کرنا ہے، اس سلسلے میں تعاون کرنے پر متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے شکرگزار ہیں۔ یو اے ای کی حکومت نے مصنوعی بارش کے لیے تمام معاملات دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای کا خصوصی طیارہ آج سے 10، 11 روز پہلا آچکا تھا، مجموعی طورپر یو اے ای کے 2 جہاز آئے، ان کی پوری ٹیم یہاں موجود تھی، کچھ چیزیں لانگ ٹرم ہیں اور کچھ شارٹ ٹرم، دونوں کو آزمایا جا رہا ہے۔ مصنوعی بارش کے بعد ایئر کوالٹی انڈیکس یقینی طورپر نیچے جائے گا، اب دیکھیں گے مصنوعی بارش کا کتنا اثر پڑتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت مصنوعی بارش کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے بہت اہم کردار ادا کیا اور مصنوعی بارش پر مبارکباد دی۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت کے لیے اسموگ کا مسئلہ جان کا روگ بنا ہوا ہے، حالیہ دنوں میں روزانہ لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر ہوتا ہے، اسموگ کی وجہ سے سانس کی بیماریاں پھیل رہی ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

آج بھی لاہور آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر رہا، ایئر کولٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کا اے کیو آئی 316 ریکارڈ کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp