میلبورن ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان: سرفراز احمد ڈراپ، محمد رضوان اِن

پیر 25 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میلبورن میں کل 26 دسمبر سے کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے 12 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے میلبورن ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ 12 کھلاڑیوں میں سرفرازاحمد اور فہیم اشرف کو ڈراپ جبکہ محمد رضوان، میرحمزہ اور حسن علی کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابراعظم اور سعود شکیل شامل ہیں، محمدرضوان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، میرحمزہ، عامر جمال اور ساجد خان بھی 12 رکنی ٹیم میں شامل ہیں، فائنل الیون کا اعلان کل کیا جائے گا۔

آسٹریلیا کو 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 360 رنز سے شکست دے دی تھی۔

میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے 5 کھلاڑی آؤٹ پر 233 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی اور پاکستان کو 450 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم پاکستانی بلے باز آسٹریلین بولرز کا مقابلہ نہیں کرسکے تھے اور ساری ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

میلبورن کے میدان میں پاکستان نے 1964 سے 2016 تک 10 ٹیسٹ میچ کھیلے، جن میں سے 2 میں اس نے کامیابی حاصل کی اور 6 میں شکست ہوئی۔ پاکستان نے میلبورن میں آخری ٹیسٹ میچ 1981 میں جیتا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp