عمران خان کی ضمانت منظور، رہائی میں کون سی رکاوٹیں باقی ہیں؟

جمعہ 22 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم عمران خان کی سائفر کیس میں سپریم کورٹ سے ضمانت منظور ہوگئی ہے تاہم دیگر مقدمات میں گرفتاری کے باعث عمران خان کی رہائی ممکن نہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو توشہ خانہ فوجداری مقدمہ میں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت سے 3 سال سزا کا حکم ملنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے 5 اگست کو گرفتار کرنے کت بعد اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 29 اگست کو اس کیس میں ضمانت منظور کی تھی تاہم سائفر کیس میں عمران خان کی گرفتاری ڈال دی گئی تھی۔ سپریم کورٹ میں سائفر کیس میں ضمانت منظور ہونے کے باوجود عمران خان کی رہائی ممکن نہیں کیونکہ اس وقت بانی چیئرمین پی ٹی آئی نیب کے 2 مقدمات میں زیر حراست ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو نیب کے توشہ خانہ کیس اور القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ عمران خان کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست احتساب عدالت مسترد کرچکی ہے جبکہ توشہ خانہ نیب کیس میں درخواست ضمانت زیر التوا ہے۔

عمران خان کو رہائی کے لیے نیب کے 2 مقدمات میں ضمانت ملنے کا انتظار کرنا ہوگا۔ ان میں سے ایک کیس ہائیکورٹ دوسرا کیس احتساب عدالت میں زیر التوا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp