سرکاری حج اسکیم: 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین کے نام قرعہ نکل آیا

جمعرات 28 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سرکاری اسکیم کے تحت حج 2024 کے لیے قرعہ اندازی کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ریگولر حج اسکیم میں 69 ہزار 438 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا گیا۔

کراچی پریس کلب میں جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ قرعہ اندازی میں رہ جانے والے 5633 درخواست گزاروں کی روانگی کے شہروں کے لحاظ سے ویٹنگ لسٹ مرتب کر لی گئی ہے۔

انیق احمد نے کہا کہ متعلقہ شہروں سے حج درخواست کینسل کروانے والوں کی جگہ ویٹنگ لسٹ پر موجود افراد کو منتخب کیا جائے گا جبکہ تمام درخواست گذاروں سے کہہ دیا گیا ہے کہ انہیں بذریعہ موبائل میسج، ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے اطلاع مل سکے گی۔

اسپانسرشپ اسکیم کے لیے درخواستوں کی وصولی جاری

اسپانسر شپ اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی 31 دسمبر تک جاری رہے گی۔ درخواست گزاروں میں 56 فیصد خواتین اور 44 فیصد مرد عازمین حج شامل ہیں۔

نگراں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ اس سلسلے میں یہ واضح ہو جائے کہ شفاف نظام رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نےپہلی مرتبہ پاکستان میں قلیل المدتی حج کی سہولت دی ہے اور ہم ہر حاجی کو ایک سوٹ کیس کیو آر کوڈ کے ساتھ دے رہے ہیں تاکہ دونوں ہی گم نہ ہوں۔

خواتین کے لیے مفت عبایا

انیق آحمد نے کہا کہ تمام خواتین کو پاکستانی پرچم والا ایک عبایا مفت فراہم کیا جائے گا جبکہ انہیں 7 جی بی کا ڈیٹا کارڈ بھی مفت دیا جائے گا۔

حج پیکج کی مالیت میں تخفیف

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو روڈ ٹو مکہ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حج پیکیج کو ایک لاکھ روپیہ کم کیا گیا ہے جبکہ حجاج کی سہولت کے لیے ایئر لائن ٹکٹ کو بھی کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ اس سال حج پالیسی میں اسپانسرشپ اسکیم کے لیے 25 ہزار سیٹیں رکھی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت یہ تمام کام حجاج کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp