پرائیویٹ حج کے لیے بکنگ 16 فروری سے شروع ہوگی

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نمائنده خصوصى وزيراعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی، مشرق وسطی و اسلامی ممالک و چیئرمین پاكستان علماء كونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے بکنگ کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا یہ وزیراعظم اور عسکری قیادت کی خصوصی کوششوں سے ڈالر کی قیمت پر کنٹرول کی وجہ سے حج کے اخراجات میں کمی آئی۔ پریس کانفرنس کے دوران پرائیویٹ حج آپریٹرز آرگنائزیشن (ہوپ ) كےنمائندے بھی موجود تھے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے کہا کہ اس سال آرمی چیف عاصم منیر اور وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی خصوصی کوششوں سے ڈالر کی قیمت پر کنٹرول کی وجہ سے حج کے اخراجات میں کمی آئی 1۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت 16 فروری سے شروع ہونے والی بکنگ 25 فروری تک جاری رہے گی اور حجاج اس تاریخ تک پرائیویٹ گروپ کے ساتھ اور اسپانسرز شپ کے تحت اپلائی کر سکتے ہیں۔

نمائندہ خصوصی نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے اس مرتبہ وقت سے پہلے آغاز کیا جا رہا ہے جس پرسعودی حکومت کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کے ذریعے عوام کو آگا ہ کیا جارہا ہے اور ہوپ اور وزارت مذہبی امور کے تعاون کے ساتھ ہیلپ لائن کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حکومت کی شفاف پالیس کے تحت کوئی بھی حج آپریٹر کوٹہ سے محروم نہیں ہوا۔

’حج ٹریول آپریٹرز بہترین سہولیات کی فراہمی یقنی بنائیں‘

ان کا کہنا تھا کہ اب حج ٹور آپریٹرز منتظمین کی ذمہ داری ہے کہ حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے اور حجاج کرام کو کسی قسم کی کوئی تکلیف پیش نہ آئے۔

نمائندہ خصوصی نے کہا کہ حج ایک مذہبی فریضہ ہے جسے ہر صاحب استطاعت کو پورا کرنا لازمی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہوپ نے اپنے طور پر بھی حجاج کرام کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک احتسابی عمل شروع کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے ہدیت کی کہ احتسابی پالیسی پر منظم طریقے سے عملدرآمد کیا جائے۔

حجاج کے لیے عمر کی حد

انہوں نے کہا کہ پہلے 2 ہزار حجاج کی معاونت کے لیے منتظمین ہوتے تھے اس مرتبہ حکومت پاکستان اور آرمی چیف کی سعودی کی حکومت کے ساتھ خصوصی کوششوں سےمنتظمین کے ماتحت 500 حجاج کرام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی بنائی گئی ہے اور اس مرتبہ حاجیوں کی عمر کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ہے۔

ہوپ کے چیئرمین جمال ترکی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بیرون ممالک سے حج پیکیج کے لیے زرمبادلہ پاکستان میں بینکوں کو بھیجنے کے بجائے ڈائریکٹ سعودی عرب بھیجنے کی اجازت دی جائے۔

جمال ترکی نے بتایا کہ ملک بھر میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی نگرانی میں حجاج کے کیے تربیتی پروگرام بھی شروع کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ 16 سے 25 فروری تک جو وقت مقرر کیا گیا ہے اس میں مزید اضافہ کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp