نئے سال کی آمد پر تقریبات کے دوران برطانیہ کے کچھ حصوں کے لیے تیز ہواؤں اور سیلاب کے الرٹ جاری کیے گئے ہیں، برطانیہ کی انتظامیہ نے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی پر شدید آندھی اور تیز بارش کے لیے ییلو (yellow) الرٹ جاری کر دیا ہے جو نافذ العمل ہوگا۔
سکائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق جنوب مغربی انگلینڈ میں شدید آندھی اور موسلا دھار بارش کے لیے زرد موسم کی وارننگ نافذ ہو گئی ہے۔ میٹ آفس کے مطابق ویلز کے جنوب اور جنوب مغرب، برطانیہ کے جنوب کا زیادہ تر حصہ بشمول آئل آف ویٹ، اور جنوب مغرب کی طرف تیز ہوائیں اور طوفان کا خطرہ ہے۔
’وارننگ صبح 10 بجے شروع ہوئی جو آج آدھی رات تک جاری رہے گی۔‘
مزید پڑھیں
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارش کے ساتھ تیز ہوائیں ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر میں خلل کا باعث بن سکتی ہیں، سڑک، ٹرین، یا ہوائی جہاز کے ذریعے کسی بھی غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ جبکہ بس اور ٹرین کی خدمات ممکنہ طور پر متاثر بھی ہو سکتی ہیں۔
دوسری جانب اسکاٹ لینڈ میں پہلے سے ہی سیلاب کے بعد ٹرین سروس معطل ہے، نیٹ ورک ٹرین اسکاٹ لینڈ کے مطابق مختلف مقامات پر ٹرین لائن پانی کی سطح بلند رہنے کی وجہ سے بند ہے، جبکہ متبادل بسیں صارفین کی نقل و حرکت کو برقرار رکھنے کے لیے چل رہی ہیں۔
سکائی نیوز کی جانب سے جاری کردہ تصاویر کے مطابق یارک سٹی میں ہر طرف سیلابی صورت حال ہے۔ اس کی بڑی وجہ ہفتے کے روز دریائے اوس کا بہاؤ بڑح جانے کے بعد سیلابی پانی یارک کی سڑکوں پر امڈ آیا۔ ان تصاویر میں یارکشائر کے تاریخی شہر میں دکانوں اور پبوں کے باہر پانی جمع ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
اس دوران ماحولیاتی ایجنسی نے دریائے اوس کے لیے سیلاب کی 6 وارننگز جاری کی ہیں، جبکہ ملک بھر میں 200 سے زائد سیلاب کی وارننگز اور الرٹ جاری کیے گئے۔ ایجنسی کے مطابق برطانیہ کے کچھ حصے مزید بارشوں کی زد میں آنے کا امکان ہے۔
برطانیہ میں یہ صورت حال عین اس وقت نمودار ہوئی ہے جب ملک بھر میں لوگ نیا سال منانے کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔ موسم کا احوال بتانے والے اداروں نے غیر متزلزل موسمی حالات کے بارے میں خبردار کرکے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ لوگ نئے سال کی تیاریوں میں مصروف ہیں، ملک بھر میں آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے، لیکن موسم کے باعث کچھ بھی کرنے سے گریزاں ہیں۔
جنوبی انگلینڈ اور ویلز کے کچھ حصوں میں تیز ہواؤں کے بعد آج درجہ حرارت معمول کے قریب ہونے کی توقع ہے۔ لیکن محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کا امکان ابھی بھی موجود ہے۔ لندن اور جنوب میں ساحلوں کے قریب تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی چلنے کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔