’الیکٹرک بائیکس اور رکشے‘، حکومت نے پنجاب کے شہریوں کو خوشخبری سنادی

منگل 9 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تاریخ ساز اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارعوام کو بلاسود 26 ہزارالیکٹرک موٹر بائیکس اور رکشے دیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مقامی ہوٹل میں محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں بلا سود الیکٹرک بائیکس اورالیکٹرک رکشے دینے کے پروگرام کاباقاعدہ اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب بھر میں چنگ چی رکشے کی رجسٹریشن پروگرام کا بھی باضابطہ افتتاح کیا۔ پنجاب میں الیکٹرک رکشہ سازی کی صنعت کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

Related Posts

وزیر اعلی محسن نقوی نے ساز گار کمپنی کے سی ای او کو الیکٹرک رکشہ سازی کا پہلا لائسنس دیا۔

محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت بینک آف پنجاب کے تعاون سے طلبا و طالبات کو10ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود آسان شرائط پر دے گی جبکہ 10ہزار الیکٹرک رکشے بھی بلا سود پنجاب بینک کے تعاون سے دیے جائیں گے۔

اسپیشل افراد کو بلا سود 2 ہزار الیکٹرک تھری ویلر بائیکس دی جائیں گی جبکہ سرکاری ملازمین کو 2 ہزار الیکٹراک بائیکس بلا سود دی جائیں گی، اسی طرح سرکاری و نجی ملازمت پیشہ خواتین کو 2 ہزار الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔

سرکاری محکمے اب صرف الیکٹرک بائیک خرید سکیں گے، محسن نقوی

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں سرکاری سطح پر پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگا دی ہے۔ سرکاری محکمے آئندہ صرف الیکٹرک بائیک ہی خرید سکیں گے۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چنگ چی رکشہ باڈی سٹینڈرز پروگرام کے نفاذ کا بھی باقاعدہ اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بہت محنت کی، سب کہتے تھے چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن کرنا ممکن نہیں لیکن محکمہ ٹرانسپورٹ نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام اقدامات مثالی ہیں۔

ہمیں آلودگی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے

وزیراعلیٰ نے کہاکہ لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے ہمیں آلودگی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، بلا سود الیکٹرک بائیکس و الیکٹرک رکشہ پروگرام کے لیے پنجاب بینک حکومت پنجاب کی معاونت اور لیڈنگ رول ادا کر رہا ہے، طلبا وطالبات کے لیے بلا سود الیکٹرک بائیکس دینا ایک مثالی قدم ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ چین میں فیول والی بائیکس نہیں چلتیں بلکہ الیکٹرک بائیکس چل رہی ہیں،آئندہ تین سال میں اگر الیکٹرک بائیکس مکمل طور پر متعارف کرا دی جائیں تو ماحول پر بہت مثبت اثرات پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیول والی گاڑیوں کو الیکٹرک گاڑیوں میں کنورٹ کرنے کے لیے محنت کرنی پڑے گی، آئندہ نسل کا مستقبل محفوظ کرنے کے لیے اور زندگی کے 10 سال بچانے کے لیے فیول والی گاڑیاں ترک کرنا پڑیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp