پنجاب میں نمونیہ کا پھیلاؤ: یکم جنوری سے اب تک کتنے بچے جان سے گزر گئے؟

بدھ 10 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب میں نمونیہ کا مرض تشویشناک حد تک پھیل رہا ہے اور یکم جنوری سے اب تک 36 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب میں بچوں میں نمونیہ کے کیسوں میں اضافے پرگہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

محسن نقوی نے اس ضمن میں آج چلڈرن اسپتال کا ہنگامی دورہ کیا، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور کے تمام اسپتالوں کے پیڈز ہیڈز نے شرکت کی۔

اجلاس میں نمونیہ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے بارے طویل مشاورت کی گئی اور اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاکہ سردی میں اضافے کے باعث بچوں میں نمونیہ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے حوالے سے آج تمام سینیئر ڈاکٹرز کے ساتھ مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر کے اسکولوں میں 31 جنوری تک صبح کی اسمبلی پر پابندی ہو گی۔

کلاس ون سے نیچے نرسری، پریپ اور پلے گروپ کی کلاسز کے لیے 19 جنوری تک تعطیلات ہوں گی۔

بچے ماسک کا استعمال لازمی کریں، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ بچے ماسک کا استعمال کریں، ہاتھ دھوئیں اور گرم کپڑوں کا استعمال کیا جائے تاکہ وہ نمونیہ سے محفوظ رہ سکیں۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں یکم جنوری سے اب تک 36 بچے نمونیہ سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ چلڈرن اسپتال میں 10 میں سے 8 بچے نمونیہ کے مرض میں مبتلا ہیں۔ حکومتی اقدامات کا مقصد بچوں کو نمونیہ محفوظ رکھنا ہے۔

نمونیہ سے بچاؤ کے لیے ایڈائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

وزیراعلیٰ نے نمونیہ کے مرض سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ اور اقدامات کے لیے ایک ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر کیسز کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

ماہرین صحت کی اجلاس میں مرض کے پھیلاؤ پر بریفنگ

اجلاس میں ماہرین صحت نے بتایا کہ سردی میں اضافہ کے ساتھ وائرل نمونیہ خصوصاً بچوں میں یہ مرض بڑھ رہا ہے اور یہ مرض کرونا کی طرح پھیلتا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر، سیکریٹری صحت، اسپیشل سیکریٹری صحت اور ماہرین صحت و سینیئرڈاکٹرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

تمام اسپتالوں کے پیڈز ہیڈز نے وائرل نمونیہ سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں تجاویز دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp