زرمبادلہ کے ذخائر 8 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے

جمعہ 6 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر جنوری 2022 میں 16.6 ارب ڈالر سے 11 ارب ڈالر کم ہو کر 5.6 ارب ڈالر رہ گئے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 30 دسمبر 2022 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 5.576 ارب ڈالر کے ساتھ آٹھ سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

مقامی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں تیزی سے کمی کے باوجود وزیر خزانہ اسحاق ڈار دوست ممالک کی جانب سے متوقع مالی مدد کے وعدے کی بنیاد پر صورتحال کی بحالی کے لیے اب بھی پرامید ہیں لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

مذکورہ ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے 24کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اخراج دیکھا گیا۔

غیر ملکی قرضوں کا حصول مسلم لیگ(ن) کی زیر قیادت اتحادی حکومت کے لیے سب سے پریشان کن مسئلہ ہے جس کو ڈیفالٹ کے سنگین خطرے کا سامنا ہے کیونکہ اگلی قسط کے اجرا کے لیے آئی ایم ایف سے بات چیت دوبارہ شروع کرنے کی متعدد کوششیں تاحال تک بے نتیجہ رہی ہیں۔

گرتے ہوئے ذخائر نے پہلے ہی امریکی ڈالر اور دیگر بڑی کرنسیوں کے مقابلے مقامی کرنسی کی قدر میں کمی کر دی ہے اور اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر جنوری 2022 میں 16.6 ارب ڈالر تھے جو 11 ارب ڈالر کمی کے بعد اب 5.6 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔

اس بڑے پیمانے پر زرمبادلہ کے ذخائر کی کمی نے حکومت کے لیے دوست ممالک سے مزید قرض لیے بغیر اپنے غیرملکی قرضوں کی ادائیگی کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی ریزرو ہولڈنگز صرف تین ہفتوں کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔

گزشتہ ہفتے کے دوران ملک کے زرمبادلہ کے کل ذخائر 11.4 ارب ڈالر تھے جن میں کمرشل بینکوں کے 5.8 ارب ڈالر بھی شامل ہیں۔

یہ صورتحال تشویشناک ہے کیونکہ غیر ملکی بینک لیٹر آف کریڈٹ(ایل سی) کھولنے کے لیے بھاری رقم وصول کر رہے ہیں جبکہ ڈالر کی شدید قلت کے باعث اسٹیٹ بینک کی جانب سے مقامی بینکوں پر پابندیاں عائد ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے رپورٹ کیا کہ جمعرات کو ڈالر 17 پیسے اضافے سے 227.12 روپے پر بند ہوا لیکن انٹربینک مارکیٹ میں کرنسی ڈیلرز نے ریٹ 228.10 روپے بتایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پمز اسپتال:4 دہائیوں کی طبی خدمات، اربوں روپے کا بجٹ اور نئے چیلنجز

مولانا اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کو استعمال کررہے ہیں، اپوزیشن اتحاد نہیں چل پائے گا، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

جب فیصلے خوف کے تابع ہوجائیں

عمران خان کی صحت سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آئینی عدالت میں چیلنج کیا جائے، میاں داؤد ایڈووکیٹ

آزاد کشمیر کے وزیراعظم نامزد ہونے والے بیرسٹر افتخار گیلانی کون ہیں؟

ویڈیو

مولانا اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کو استعمال کررہے ہیں، اپوزیشن اتحاد نہیں چل پائے گا، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

مولانا فضل الرحمان اور عمران خان کے حامی اپوزیشن اتحاد قبول کریں گے؟ پشاور کے شہریوں کی رائے

پی ٹی آئی اپنے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے کوئی کوشش نہیں کر رہی، ایڈووکیٹ فیصل چوہدری

کالم / تجزیہ

جب فیصلے خوف کے تابع ہوجائیں

عام آدمی کے بیٹوں کا نوحہ

‘میں واپس آؤں گا’ سے تازہ ہونے والے دکھ