جہاز میں مسافروں کی جان بچانے کی کوشش، نیکی گلے پڑ گئی

اتوار 28 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میکسیکو میں ہوائی جہاز کا ہنگامی دروازہ کھول کر مسافروں کی جان بچانے والے مسافر کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو میں مسافر جب ایک پرواز پر سوار ہوئے تو اس کے اڑان بھرنے میں کئی گھنٹوں کی تاخیر ہوگئی اور اس دوران مسافروں کی خبرگیری بھی نہیں کی گئی جس کے باعث لوگوں کی حالت غیر ہونا شروع ہو گئی۔

اس دوران ایک مسافر نے جہاز کا ہنگامی دروازہ کھولا اور جہاز کے پر کے اوپر واک کرنا شروع کر دی۔

جب انتظامیہ کو اس بات کی خبر ہوئی تو انہوں نے مسافر کو پکڑ کر پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔

مسافروں کی جانب سے ایئرلائن پر تنقید

دوسری جانب مسافروں نے ایمرجنسی گیٹ کھولنے والے شخص کو پولیس کے حوالے کرنے پر ایئرلائن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ اس شخص نے تو ایمرجنسی گیٹ کھول کر سب کی جان بچائی ہے۔

مسافروں کا موقف ہے کہ جہاز میں ہوا کی کمی کے باعث سب کی حالت خراب ہو رہی تھی کیونکہ انتظامیہ نے ایئرلائن پر لوگوں کو سوار کرنے کے بعد خبرگیری بھی نہیں کی اور یہ بھی نہیں بتایا کہ اتنی تاخیر کی وجہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے بعد انتظامیہ نے مسافروں کو اس جہاز سے اتار کر دوسری پرواز کے ذریعے منزل کی جانب روانہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp