خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پی ٹی آئی کا مقامی رہنما جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ریحان زیب موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، تاہم ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ریحان زیب کے جاں بحق ہونے پر باجوڑ کے صوبائی حلقے پی کے 22 میں انتخابات ملتوی کردیے۔
باجوڑ پولیس کے مطابق کہ فائرنگ کا واقعہ صدیق آباد میں پیش آیا، جہاں این اے 8 سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اور آزاد امیدوار ریحان زیب الیکشن مہم میں مصروف تھے۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ سے ریحان زیب موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
مزید پڑھیں
پولیس نے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ریحان زیب کے 3 ساتھی زخمی ہوگئے، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ریحان زیب تحریک انصاف کے دیرینہ کارکن تھے لیکن الیکشن کے لیے پارٹی نے انہیں ٹکٹ جاری نہیں کیا تھا۔
’ریحان زیب پی ٹی آئی کے کارکن تھے لیکن اسی حلقے سے پی ٹی آئی کے حمایتی امیدوار گل ظفر ہیں۔ تاہم ریحان زیب آزاد امیدوار کے طور پر این اے 8 سے الیکشن لڑ رہے تھے‘۔
باجوڑ پولیس نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کے فورا بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی اور تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔
کے پی 22 میں انتخابات ملتوی
الیکشن کمیشن نے ریحان زیب کے جاں بحق ہونے پر باجوڑ کے صوبائی حلقے پی کے 22 میں انتخابات ملتوی کردیے۔ اس حوالے سے ریٹرنگ افسر نے اعلانیہ جاری کر دیا۔
نگراں وزیراعلیٰ نے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی، فوری گرفتاریوں کی بھی ہدایت
دریں اثنا نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کو واقعے کی رپورٹ 3 دن میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مقتول کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور ان کے لیے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے اور حکومت سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین نے پولیس کو ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کا بھی حکم دیا ہے۔