الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد کے لیے لگ بھگ 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملے کی تربیت کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔ ان تربیتی مشقوں کے ذریعے اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ تمام انتخابی عملہ عام انتخابات 2024 کے دوران اپنے فرائض منصبی موثر اور پیشہ ورانہ طور پر سرانجام دے سکے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عملے کی تربیت کے لیے ملک بھر کے دور دراز علاقوں میں 87 روز تک مجموعی طور پر 27 ہزار 676 تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا گیا جس میں 3 ہزار 821 ماسٹر ٹرینرز شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
ترجمان نے بتایا کہ تربیتی نشستوں کا یہ سلسلہ 19 نومبر 2023 کو شروع ہوا اور 3 فروری 2024 کی شام کو پایہ تکمیل کو پہنچا۔ تربیتی نشستوں میں شریک ہونے والوں میں 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز(DROs)، 859 ریٹرننگ آفیسرز(ROs) کے علاوہ پولنگ عملہ شامل تھا۔
ترجمان کے مطابق پولنگ عملے میں تربیت پانے والوں میں ایک لاکھ 91 ہزار 526 پریزائیڈنگ افسران اور سینیئر اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران (APOs) شامل تھے جن کے لیے7 ہزار 633 دو روزہ تربیتی نشستیں منعقد کی گئیں۔اس کے علاوہ 7 لاکھ 85 ہزار 60 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز (APOs) اور پولنگ آفیسرز کے لیے 19 ہزار 630 ٹریننگ سیشنزکرائے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ علاوہ ازیں شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے الیکشنزایکٹ 2017 کی دفعہ 234 کے تحت انتخابی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے علاقائی سطح پر 32 ریجنل مانیٹرنگ کوآرڈینیٹرز(RMCs)اورضلعی سطح پر1،336ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز (DMOs) اور مانیٹرنگ آفیسرز(MOs) کے لیے بھی ضروری تربیت کا اہتمام کیا گیا۔
کمیشن نے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (EMS) کو مؤثر طریقے سے چلانے کے لیے تقریباً 5 افسران اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز (DEOs) کو ریٹرننگ افسران کے ساتھ منسلک کرنے سے پہلے 148 ٹریننگز کرائیں ۔
اسی طرح کمیشن نے انتخابات کے دوران سیکیورٹی فرائض کی بہترین انجام دہی یقینی بنانے کے 1400 ماسٹر ٹرینرز (MTs) تیارکیے جنہوں نے بعد ازاں 5 لاکھ 3 ہزار 495 سیکیورٹی اہلکاروں کو ضروری تربیت فراہم کی۔