گلگت: 8 ہزار میٹر سے زیادہ بلند چوٹی سر کرنے کی مہم کے دوران غیر ملکی کوہ پیما حادثے کا شکار

ہفتہ 3 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

8 ہزار میٹر سے زیادہ بلندی کی حامل چوٹی گشہ بروم 1 کو موسم سرما میں سر کرنے کا خواب لیے مہم شروع کرنے والے کوہ پیما ڈینس اُربکو فراس بائیٹ کا شکار ہوکر اسپتال پہنچ گئے اور انہوں نے مہم ترک کردی۔

ڈینس اُربکو نے 2009 میں 8 ہزار میٹر سے زیادہ تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے کا منفرد کارنامہ سرانجام دے کر خود کو کوہ پیماؤں کی پہلی صف میں کھڑا کیا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ انہوں نے یہ کارنامہ اضافی آکسیجن کی مدد لیے بغیر سرانجام دیا تھا اور کوہ پیمائی کی دنیا میں وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے 8ویں کوہ پیما تھے۔

ڈینس اُربکو نے 8068 میٹر بلندی کی چوٹی کو سر کرنے کی مہم کا آغاز جنوری کے آخری دنوں میں شروع کیا تھا تاہم گشہ بروم گلیشیئر کو کراس کرنے کی کوشش میں وہ گر پڑے اور ان کا دایاں ہاتھ شدید سردی کی وجہ سے فراس بائیٹ کا شکار ہوا۔ ڈینس اُربکو کی مہم اگرچہ انفرادی تھی تاہم مقامی کوہ پیما حسن شگری ان کے ساتھ گشہ بروم 1 کے بیس کیمپ سے کیمپ نمبر 2 تک ساتھ تھے اور 5500 میٹر کے قریب ڈینس اُربکو حادثے کا شکار ہوئے اور زخمی حالت میں مہم کو جاری رکھنا ممکن نہیں رہا اور انہیں صبح 4 بجے کے قریب ریسکیو کرکے اسکردو کے سی ایم ایچ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

غیرملکی کوہ پیما کا علاج کامیابی سے جاری

اسپتال ذرائع کے مطابق ڈینس اُربکو کا علاج کامیابی سے جاری ہے اور وہ تیزی سے روبصحت ہورہے ہیں، چند روز میں انہیں اسلام آباد سفر کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ ان کے ساتھ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) اکرم اور جیسمین ٹورز کے مالک مسٹر اصغر پورک بھی ہیں، جو ان کی حالت اور صورتحال کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم کریں گے۔

الپائن کلب آف پاکستان پاک فوج کا شکرگزار

الپائن کلب آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری کرار حیدری نے اس واقعے میں پاک فوج کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج ہمیشہ ایسے واقعات کے دوران ہمارے ساتھ کھڑی رہتی ہے اور ہنگامی حالات میں کوہ پیماؤں کو ریسکیو کرنے کے لیے تیار رہتی ہے جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp