استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عقاب اور شیر کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں، الیکشن میں کامیاب ہونے کے بعد نوازشریف کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو خوشی ہوگی۔
استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کیا ہے۔
مزید پڑھیں
جہانگیر ترین نے کہاکہ ہم انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سب سے پہلے معیشت کو بحال کریں گے، کیونکہ اس اقدام سے ملک میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے دور میں لاکھوں کی تعداد میں نوکریاں ملیں گی، اس کے علاوہ تنخواہوں میں اضافہ کریں گے۔
انہوں نے اپنے حلقہ کے عوام سے مخاطب ہوکر کہاکہ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد یہاں 100 کے بجائے 500 کام شروع کروں گا۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ملتان میرا آبائی گھر ہے اور یہاں کے لوگوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی، موقع ملا تو یہاں کے لوگوں کی خدمت کروں گا۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ فارمولے کے تحت انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔
اس سے قبل جب عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی تھی تو جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا تھا۔