الیکشن کمیشن نے نگراں حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری، ایف بی آر کی تنظیم نو سے روک دیا

اتوار 4 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے نگراں وفاقی حکومت کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کی تنظیم نو سے روک دیا ہے۔

سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو لکھے گئے خط میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کا عمل روکنے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان ائیر لائنز (پی آئی اے ) کی نجکاری کے عمل کی معطلی پر زور دیتے ہوئے فیصلے سے متعلق تمام متعلقہ ریکارڈ کو الیکشن کمیشن کے حوالے کرنے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔

سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق اس وقت تک کوئی کارروائی نہ کی جائے جب تک الیکشن کمیشن اس معاملے پر حتمی فیصلہ نہیں دے دیتا۔ مزید برآں خط میں نجکاری سے متعلق جامع ریکارڈ اور کابینہ کے فیصلوں کو جانچ پڑتال کے لیے الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے حکومت کو ایف بی آر کی تنظیم نو سے بھی روک دیا

اس سے قبل اسی روز الیکشن کمیشن نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے نگران وفاقی حکومت کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی تنظیم نو روکنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے نام لکھے گئے خط میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے زور دیا کہ نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری روزمرہ کے معاملات کو سنبھالنا ہے اور اہم پالیسی فیصلے کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

خط میں آئندہ منتخب حکومت پر ایسے جلد بازی میں کیے گئے فیصلوں کے ممکنہ اثرات پر روشنی ڈالی گئی ہے اور اس طرح کے معاملات سے نمٹنے کے لیے محتاط نقطہ نظر اپنانے پر زور دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نگراں وفاقی کابینہ نے ایف بی آر کی تنظیم نو کی منظوری دے دی ہے جبکہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بھی ضروری کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp