نگراں وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی تنظیم نو، فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری، پشاور میں 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے اور ادویات کی قیمتوں کی ڈی-ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دے دی۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر لیفٹیننٹ جنرل طاہر حمید شاہ کی پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ کے رکن اور چیئرمین کے طور پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔ ان کی تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر 2023 سے ہو گا۔
مزید پڑھیں
وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر میجر عابد منصور خان کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں سعودی عرب کی وزارت دفاع کی جانب سے ’نوت شجاعت‘ اور ’نوت شرف‘ کا ایوارڈ، وزارت خارجہ کی سفارش پر محمد اشرف خان، پروٹوکول افسر کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں آسٹریا کی حکومت کی جانب سے گولڈ میڈل اور وزارت خارجہ کی سفارش پر ایئر کموڈور سید عمران علی کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں پاکستانی سفارت خانہ ٹوکیو میں بطور ڈیفنس اتاشی خدمات سرانجام دینے پر ڈیفنس کوآپریشن ایوارڈ فرسٹ کلاس کا ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دے دی۔
پشاور کی 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری
وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز پر پشاور میں 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ ان عدالتوں کے ججوں کی تقرری کے حوالے سے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی تجویز منظور کر لی گئی ہے۔ باقی ماندہ عدالتیں احتساب عدالتوں کے طور پر کام کرتی رہیں گی۔ ان تبدیلیوں سے قومی خزانے پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
وفاقی کابینہ نے نجکاری ڈویژن کی سفارش پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔
پی آئی اے کئی برسوں سے خسارے میں ہے، اجلاس کو بریفنگ
اجلاس کو بتایا گیا کہ پی آئی اے گزشتہ کئی برسوں سے خسارے میں ہے۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ کابینہ کے گزشتہ اجلاسوں میں پی آئی کی مالی و انتظامی تنظیم نو کے لیے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔
کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ فنانشل ایڈوائزر کی جانب سے بین الاقوامی مثالوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کی مالیاتی تنظیم نو کا منصوبہ تشکیل دیا گیا جس کے تحت پی آئی اے کو 2 کمپنیوں ٹاپ-کو اور ہولڈ-کو میں تقسیم کر دیا جائے گا۔
پی آئی اے کے بنیادی آپریشنز انجینئرنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ، کارگو، فلائیٹ کچن اور ٹریننگ کو ٹاپ-کو میں شامل کیا جائے گا جبکہ دیگر ادارے جیسا کہ پریسیژن انجینئرنگ کمپلیکس، پی آئی اے انویسٹمنٹ اور دیگر ذیلی اداروں و پراپرٹیز کو ہولڈ-کو میں شامل کیا جائے گا۔ ان اقدامات سے سر مایہ کاروں کو پی آئی اے کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے نجکاری کو حکومتی ملکیتی اداروں کے پی آئی اے پر تصفیہ طلب رقوم کے حوالے سے معاملات جلد نمٹانے کے ہدایت بھی دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت نجکاری کی سفارش پر فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری کی منظوری دے دی۔
ادویات کی قیمتوں کی ڈی-ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز کی منظوری
وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر ان ادویات کی قیمتوں کی ڈی-ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دے دی جو کہ انتہائی ضروری ادویات کی نیشنل لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔
ان تجاویز کے تحت نیشنل لسٹ میں موجود انتہائی ضروری ادویات کے علاوہ ادویات کی قیمتوں کو ڈرگ ایکٹ 1976 سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا اور ڈرگ پرائیسنگ پالیسی 2018 میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔
مزید برآں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ڈاکٹر کی جانب سے مریضوں کو وٹامنز، ملٹی وٹامنز، منرلز اور اوور دی کاؤنٹر مصنوعات تجویز نہیں کی جائے گی۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی وٹامنز، ملٹی وٹامنز، منرلز اور اوور دی کاؤنٹر مصنوعات کی فہرست مروجہ عالمی معیار کے مطابق مرتب کرے گی اور اس حوالے سے صوبائی حکومتوں سے بھی رابطے میں رہے گی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے یکم فروری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔