قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے نکال کر جس کو لائے اس نے تو ملک کا بیڑہ غرق کردیا، جنہوں نے آپ سے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا اس نے کیا آپ کو گھر بنا کر دیے؟ مجھے نکال دیا اور اس کو لائے جس نے کہا عوام کو 1کروڑ نوکریاں دوں گا۔ وہ کٹے، مرغیاں اور انڈے کہاں گئے؟ بلین ٹری کا جھوٹ بولا گیا۔ یوتھ تو ساری میرے ساتھ کھڑی ہے۔
مری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ کل مری پہنچا راستے میں بہت ٹریفک تھی، مری میرا دوسرا گھر ہے، آپ سے محبت ہے، لاہور میں کم مری میں زیادہ رہا ہوں یہاں کے راستوں کا علم ہے، بہت برسوں کے بعد آپ سے مخاطب ہوں، مجھے آپ سے دور کر دیا گیا تھا، مری آئی لویوٹو، جتنا آپ مجھ سے پیار کرتے ہیں میں آپ سے زیادہ محبت کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں
نوازشریف نے کہا کہ آپ نے اسامہ کو کامیاب کرانا ہے، ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا لیکن میرے جانے کے بعد ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیاگیا، ہمارے دور میں مہنگائی اتنی نہیں تھی جتنی آج ہے جو رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی، ہمارے دور میں ڈالر کی قیمت کم تھی۔
نوازشریف نے کہا کہ مجھے کیوں نکالا آج وہ خود استعفیٰ دیکر گھر جا رہے ہیں، جو خود کچھ عرصہ بعد چیف جسٹس بننے والے تھے آج گھر بیٹھے ہوئے ہیں، جب میں وزیر اعظم تھا تو عوام کی خدمت کر رہاتھا، میں نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، ملک میں بجلی سستی کی۔
قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ موٹروے بنائی، روٹی 4 روپے کی تھی، گھی 150 روپے اور چینی 50 روپے کلو تھی۔ سبزیاں 10،10روپے کلو ،ڈالر 104روپے اور پیٹرول 65 روپے لیٹر تھا۔ سونا 50 ہزار روپے تولہ تھا اور آج 2لاکھ روپے تولہ ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ دال میں کچھ کالا ہے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے، کہا گیا 50 لاکھ گھر دیں گے کسی کو ملا تو بتائیں، ن لیگ پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر ہے، ہم ہمیشہ سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
شیر کامیاب ہوا تو سب سے زیادہ ترقی مری میں ہوگی، مریم نواز
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ شیر کامیاب ہوا تو سب سے زیادہ ترقی مری میں ہوگی، شیر کو کامیاب کرائیں تاکہ مری میں خوشحالی آسکے، ن لیگ وعدہ کرتی ہے آپ کو بہترین اسپتال بنا کردیں گے، آپ کے بچوں کو بہترین تعلیم دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ مری میں افسوسناک واقعہ پیش آیا لیکن اس وقت کا بے حس وزیراعظم آپ کی مدد کو نہ آیا، اس الیکشن میں اس بے حس وزیر اعظم سے جواب مانگنا وہ اس وقت کہاں تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی نواز شریف کی حکومت آئی کاروبار چل پڑے، ن لیگ دور میں مہنگائی اور بیروگاری نہیں تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے، شیر پر مہر لگاؤ اور نواز کو نواز دو، مری پنجاب کا دل ہے، مری کے چپے چپے پر جو بھی ترقی ہے اس پر نوازشریف کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ رشوت خوروں نے مری کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، وعدہ کرتی ہوں مری والوں کی جو بھی مشکلات ہیں ان کو حل کریں گے۔