کل ہونے والے عام انتخابات کے لیے انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے لیکن خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث شدید مشکلات بھی درپیش ہیں۔
خیبر پختونخوا میں مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں کافی برف پڑی ہے، جس کے باعث دور افتادہ علاقوں میں سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ الیکشن سامان کی بروقت ترسیل کے لیے بھاری مشینری کی مدد سے برف ہٹانے کا عمل بھی جاری ہے۔
مالاکنڈ میں ضلع اپراورلوئرچترال میں بھی برفباری کے باعث متعدد مقامات پرسڑکیں بند تھیں، ڈپٹی کمشنراپرچترال محمد عرفان الدین نے وی نیوز کو بتایا کہ اپر چترال کے علاقے بروغل اورتورکہومیں برفباری ہوئی تھی جبکہ بروغل میں اس وقت چار فٹ تک برف پڑی ہے۔
’بھاری مشینری کی مدد سے برف ہٹا کر بند سڑکوں کو کھولنے کا عمل جاری ہے، پہاڑی علاقوں میں بند روڈ کو کھول کرانتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔‘
ڈپٹی کمشنر عرفان الدین نے بتایا کہ اپر چترال کے بیشتر علاقوں میں برفباری ہوئی تھی، بروغل میں 4 فٹ تک برف پڑی ہے، جس کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند تھیں، تاہم انتظامیہ نے برف ہٹا کرانتخابی سامان اورعملہ متعلقہ اسٹیشن تک پہنچا دیا ہے۔
’علاقے میں برف ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے، سامان اور انتخابی عملہ پہنچ گیا ہے، تورکہو، تریچ اور دیگر علاقوں میں روڈ کھول دیے گئے ہیں، انتخابی سامان اور عملہ بروقت اپنے مقررہ اسٹیشنز پر پہنچ گئے ہیں اور تمام علاقوں میں کل انتخابی عمل بر وقت شروع ہو گا۔‘
ڈپٹی کمشنر عرفان الدین کے مطابق دیہاتوں میں برف ہٹا کر رابطہ سڑکوں کو صاف کیا جا رہا ہے تاکہ انتخابات کے موقع پر ووٹرز کو بھی آسانی ہو، ضلعی انتظامیہ نے لوئر چترال میں مداک لشٹ اور دیگر علاقوں میں صفائی کا عمل مکمل کرتے ہوئے بند سڑکوں کو کھول دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کالام، مالم جبہ، گلیات اور کوہستان سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی متعلقہ انتظامیہ نے انتخابی عمل کا سہولت سے آغاز کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔