چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کے پرامن انعقاد پرپوری قوم کو مبارک باد پیش کی ہے اور انتخابات کے پرامن انعقاد جیسے اہم ترین قومی فریضہ اور آئینی ذمہ داری کی تکمیل میں کمیشن کے سرخرو ہونے پر خدا کا شکر ادا کیا ہے ۔
مزید پڑھیں
ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے قوم کے نام اپنے پیغام میں عوام اور تمام اداروں بشمول نگران قومی اور صوبائی حکومتوں،سیاسی جماعتوں،سیکیورٹی اداروں،پولیس اور سول ایڈمنسٹریشن، پاکستان آرمی،قومی میڈیا کو مبارک باد دی ہے۔
ترجمان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ووٹرز، ریٹرنگ افسران، پریذائیڈنگ افسران اور دیگر پولنگ عملہ کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کے معزز اراکین، رفقا اور اپنی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہیں مبارکباد دی ہے کہ ان کی شب وروز محنت سے اس عظیم ذمہ داری کی تکمیل میں کامیابی نصیب ہوئی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ابھی ہم نے اپنی ذمہ داری کا ایک حصہ مکمل کر لیا ہے۔پولنگ کے عمل کی تکمیل ہوئی ہے اور اب غیر حتمی نتائج کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔مجھے امید اور اعتماد ہے کہ ہمارے ریٹرنگ افسران اس اہم کام کی تکمیل میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اور نتائج کی بروقت ترتیب اور ترسیل کو ممکن بنائیں گے۔