ووٹ کی چوری سے بننے والی حکومت کو عوام قبول نہیں کریں گے، پی ٹی آئی

پیر 12 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان پی ٹی آئی سندھ محمد علی بلوچ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے کراچی میں کلین سویپ کیا ہے، ایم کیو ایم کسی بھی نشست پر کامیاب نہیں ہوئی ہے، ووٹ چوری کرکے بننے والی حکومت کو عوام کبھی بھی قبول نہیں کریں گے۔

پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان محمد علی بلوچ نے کہا ہے کہ انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، فارم 45 سے متضاد رزلٹ سے دنیا بھر میں پاکستان کی رسوائی ہوئی ہے، پاکستان کو بنانا ریپبلک بنانے کی سازش قبول نہیں کریں گے۔

محمد علی بلوچ کے مطابق پاکستان کی عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے جتوایا ہے، عوام کے حق رائے دہی سے بھونڈا مذاق کیا جارہا ہے، عوام کو ووٹ کی حفاظت کے لیے نکلنا پڑے گا، پرامن احتجاج کا حق ہر شہری کو آئین پاکستان فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کسی بھی نشت پر کامیاب نہیں ہوئی ہے، کراچی سے پی ٹی آئی نے کلین سویپ کیا ہے، ہمارے امیدوار عدالتوں میں انصاف کے لیے پہنچے ہوئے ہیں، عدالتوں سے انصاف کی امید ہے۔

محمد علی بلوچ کا کہنا ہے کہ عوام کا دیا ہوا ووٹ یوں چوری ہونے نہیں دیں گے، ووٹ چوری کرکے بننے والی حکومت کو عوام کبھی بھی قبول نہیں کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp