کینسر سے صحتیاب ہونے والے فٹبالر نے آئیوری کوسٹ کو افریقا کپ آف نیشنز کا چیمپئن کیسے بنایا؟

منگل 13 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئیوری کوسٹ تیسری مرتبہ افریقا کپ آف نیشنز کا چیمپئن بن گیا۔ آئیوری کوسٹ نے فائنل میں حریف نائیجیریا کو سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر تیسری مرتبہ افریقا کپ آف نیشنز کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فرانک کیسی اور سیباسٹین ہالر نے ایک ایک گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ نائیجیریا کی طرف سے واحد گول ولیم ٹروسٹ ایکونگ نے سکور کیا۔

34ویں افریقا کپ آف نیشنز کے دلچسپ مقابلے آئیوری کوسٹ میں اختتام پذیر ہوگئے۔ الاسانے اواتارا سٹیڈیم، آبیدجان میں دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ شروع ہوا تو نائیجیریا کی ٹیم کے کھلاڑی ولیم ٹروسٹ ایکونگ نے میچ کے 38ویں منٹ میں ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو میزبان آئیوری کوسٹ کے خلاف ایک گول کی برتری دلا دی۔

میچ کے ہاف ٹائم پر نائیجیریا کی ٹیم کو آئیوری کوسٹ کے خلاف ایک گول کی برتری تھی۔ دوسرے ہاف میں میزبان آئیوری کوسٹ کی ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور فرانک کیسی نے میچ کے 62ویں منٹ میں ایک گول کرتے ہوئے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، جس کے بعد میزبان ٹیم کے ہی سیباسٹین ہالر نے میچ کے 81ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو نائیجیریا کے خلاف 1-2 گول کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

یوں میزبان آئیوری کوسٹ نے سخت مقابلے کے بعد نائیجیریا کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر تیسری مرتبہ افریقا کپ آف نیشنز کا ٹائٹل جیت لیا۔ آئیوری کوسٹ کی ٹیم کو اس سے قبل 2 مرتبہ 1992 اور 2015 میں افریقا کپ آف نیشنز کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

آئیوری کوسٹ کی فتح ’صدیوں کے لیے کہانی‘

افریقہ کپ آف نیشنز میں آئیوری کوسٹ نے نائجیریا کو شکست دے کر دنیائے فٹبال کی سب سے قابل ذکر کامیابی سمیٹی ہے۔ میچ کی خاص بات سباسٹین ہالر کا فیصلہ کن گول تھا۔ شائقین کو یاد ہوگا کہ جولائی 2022 میں سباسٹین ہالر کو ٹیسٹیکولر کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، ان کے حوصلے کی داد بنتی ہے کہ انہوں نے محض 18 ماہ میں کینسر جیسے موذی مرض پر قابو پا کر کھیل کے میدان میں فاتحانہ قدم رکھا۔ براعظم افریقہ میں کھیلوں کی گورننگ باڈی کنفیڈریشن آف افریقی فٹبال نے ہالر کی داستان کو ’صدیوں کے لیے کہانی‘ قرار دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp