8فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات اور اس کے نتیجے میں صوبہ پنجاب میں سادہ اکثریت حاصل کرنے والی مسلم لیگ ن نے وزراتِ اعلیٰ کے لیے مریم نواز کو نامزد کرنے کے بعد کابینہ کی تشکیل پر کام شروع کردیا ہے۔
نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبائی کابینہ بنانے کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب کے مختلف ڈویژنز اور اضلاع سے صوبائی وزرا لیے جانے کا امکان ہے۔
کابینہ میں کون کون ہوگا؟
Related Posts
صوبہ پنجاب کے لیے کابینہ کی تشکیل میں ابتدائی طور پر 25 سے 30 اراکان شامل کیے جائیں گے، اس حوالے سے آغاز کار میں صوبائی وزرا کے لیے جن ناموں پر مشاورت کی گئی ہے کہ ان میں مریم اورنگزیب، ملک احمد خان، رانا اقبال، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، فیصل کھوکھر، یاور زمان، بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع الرحمان، ذکیہ شاہنواز، عظمیٰ بخاری، حنا پرویز بٹ شامل ہیں۔
وزرا کے علاوہ جن اراکین کے مشیر یا معاون خصوصی بنائے جانے کا امکان ہے ان میں رانا مشہود اور پیر اشرف رسول شامل ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ کے ناموں کی حتمی منظوری قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف دینگے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی جاتی امرا آمد
دوسری طرف چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے جاتی امرا، رائیونڈ نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے مریم نواز کو مبارکباد دی اور صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں اور امن و امان کی صورتحال پر پر بریفنگ دی۔
منتخب ہونے والے آزاد امیدواروں کی ن لیگ میں شمولیت کا سلسلہ جاری
صوبہ پنجاب میں ن لیگ کی واضح اکثریت اور حکومت بنانے کے اعلان کیساتھ ہہ نومنتخب آزاد امیدواران کی جانب سے ن لیگ میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے آج جن مزید 6 نومنتخب آزاد ارکان نے مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ان میں پی پی 132 ننکانہ سے کامیاب سلطان باجوہ ، پی پی 225 لودھراں سے کامیاب شازیہ ترین ، پی پی 289 ڈیرہ غازی خان سے محمود قادر لغاری ، پی پی 288 ڈیرہ غازی خان سےحنیف پتافی ، پی پی 94 چنیوٹ سے تیمور لالی اور پی پی 283 لیہ سے علی اصغر گورمانی ن لیگ میں شامل ہیں۔
مسلم لیگ کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے ن لیگ کا حصے بنے والے اراکین سے ملاقات کی۔اس موقع پر مریم نواز نے نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی کی جانب سے ن لیگ میں شمولیت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ جب کہ نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے ن لیگ کے قائد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔