گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے انکشاف کیا کہ وہ ایک وقت میں 20 فون استعمال کرتے ہیں کیونکہ وہ بہت ساری چیزیں ایک ساتھ کر رہے ہوتے ہیں۔ ایک وقت میں مختلف موبائل فون استعمال کرنے کا مقصد جدید ترین ٹیکنالوجی سے اپ ٹو ڈیٹ رہنا ہے اور گوگل میں جدت کو فروغ دینا ہے۔
گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی عادات، والدین کے انداز اور ذاتی شناخت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک وقت میں 20 فون استعمال کرتے ہیں کیونکہ ان کو مختلف ٹیکنالوجیز کی جانچ کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ گوگل پروڈکٹس اچھی طرح کام کررہی ہیں کہ نہیں۔
مزید پڑھیں
ٹیک میڈیا کے مطابق گوگل کے سی ای او سندر پچائی کا یہ انکشاف کہ وہ ایک وقت میں 20 سے زائد فون استعمال کرتے ہیں، بہت ہی حیران کن ہے۔ کیونکہ آج کل لوگوں کے لیے صرف ایک فون استعمال کرنا مشکل امر ہو چکا ہے، جبکہ سندر پچائی اس کے برعکس چل رہے ہیں۔
سندر پچائی سے جب پوچھا گیا کہ آپ کیوں اتنے فون استعمال کرتے ہیں تو ان کا جواب یہی تھا کہ میں ٹیکنالوجی سے اپ ٹو ڈیٹ رہنا چاہتا ہوں، اور یہ بھی دیکھتا رہتا ہوں کہ گوگل اس ٹیکنالوجی سے اپڈیٹ ہو رہا ہے یا نہیں اور کس چیز کو اپڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے یا کس چیز کو ختم کر دیا جائے۔
لیکن سندر پچائی کی تکنیکی عادات صرف ان کے فون کلیکشن کے بارے میں نہیں ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کے بچے اسکرین پر کتنا وقت گزارتے ہیں، تو انہوں نے مشورہ دیا کہ سخت قوانین کے بجائے ذاتی حدود کا تعین کرنا ضروری ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خاص طور پر آج کی ڈیجیٹل دنیا میں بطور والدین وہ ٹیکنالوجی کو ذمہ داری سے استعمال کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
جب اپنے اکاؤنٹس کو محفوظ رکھنے کی بات کی گئی تو سندر پچائی نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے پاس ورڈز اکثر تبدیل نہیں کرتے ہیں۔ اس کے بجائے وہ اضافی سیکیورٹی کے لیے 2 عنصر کی تصدیق پر انحصار کرتے ہیں۔ اس سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جدید حفاظتی طریقوں پر بھروسہ کرتے ہیں لیکن یہ بھی سوچتے ہیں کہ صارفین کو اپنی آن لائن حفاظت کے لیے خود ذمہ دار ہونے کی ضرورت ہے۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بارے میں بھی انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بتایا کہ اے آئی سب سے اہم ٹیکنالوجی ہے جو انسانوں نے اب تک بنائی ہے، اس کے اثرات کا موازنہ آگ اور بجلی جیسی چیزوں سے کرتے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ہمیشہ آگے کی طرف دیکھتے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش میں مصروف رہتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کیا کر سکتی ہے اس کی حدود کو مزید آگے کیسے بڑھایا جا سکتا ہے۔
سندر پچائی اگرچہ امریکی ہیں لیکن اپنے ہندوستانی ورثے سے جڑے رہتے ہیں، جو اس بات پر اثر انداز ہوتا ہے کہ وہ دنیا کو کیسے دیکھتے ہیں۔ یہ ثقافتی پس منظر ان کے قائدانہ انداز کو مزید بڑھاتا ہے اور ان کے ذاتی اقدار کو بہتر طور پر سمجھنے میں ہماری مدد کرتا ہے۔