الیکشن کمیشن: این اے 15 سے نواز شریف کی انتخابی عذرداری کی درخواست مسترد

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن نے این اے 15 سے نواز شریف کی انتخابی عذرداری کی درخواست مسترد کردی، این اے 15 کے ریٹرننگ افسر نے اپنی رپورٹ الیکشن کمشن کو جمع کرائی، جس کے مطابق حلقے کا نتیجہ فارم 45 کے مطابق مرتب کیا گیا۔ دوسری جانب نواز شریف کے وکیل تاخیر سے پیش ہوئے۔

این اے 15 مانسہرہ سے متعلق نواز شریف کی انتخابی عذرداری درخواست پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ اس موقع پر نواز شریف کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے جبکہ این اے 15 مانسہرہ کے ریٹرننگ افسر نے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی۔

ریٹرننگ افسر کے جواب کے مطابق حلقے کا نتیجہ فارم 45 کے مطابق مرتب کیا گیا ہے۔ بعدازاں نواز شریف کے وکیل تاخیر سے پیش ہوئے اور درخواست مسترد نہ کرنے کی استدعا کی۔ جس پرالیکشن کمیشن نے نواز شریف کے وکیل کو دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ این اے 15 مانسہرہ سے آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ کامیاب ہوئے تھے۔ جس پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے انتخابی نتیجہ چیلنج کر دیا تھا۔

الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مانسہرہ کے کئی علاقوں میں برف باری کے باعث رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ 125 سے زائد پولنگ اسٹیشنوں سے فارم 45 نہیں پہنچے لیکن نتائج کا اعلان کر دیا گیا، اس لیے این اے 15 سے نتیجے کو روکا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp